چیئرمین (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) آئی سی سی اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائس دو روزہ دورے پر لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں پی سی بی کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو آج قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے جہاں پی سی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
آئی سی سی چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کے باقاعدہ دورہ پاکستان میں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی شرکت سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔
2008 کے بعد آئی سی سی کے کسی بھی عہدے دار کا پہلا دورہ پاکستان ہے، اس دوران وفد سے ملاقات میں بھارت کا ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہ آنے اور پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔
آئی سی سی کو آگاہ کیا جائے گا کہ بھارت نے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا ہے جس کے ردعمل میں پی سی بی نے ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سربراہ پی سی بی نجم سیٹھی نے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی، ہائبرڈ ماڈل پر عمل درآمد کے بعد پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت جانے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
مزید پڑھیں
ہائبرڈ ماڈل کیا ہے؟
نئے ہائبرڈ ماڈل کے مطابق ایشیا کپ 2 حصوں میں کھیلا جائے گا۔
پہلے حصے میں بھارت کے علاوہ تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور یہاں 4 میچ کھیلے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں یہی تمام ٹیمیں انڈیا کے خلاف کسی دوسرے مقام پر میچ کھیلیں گی اور یہ مقام متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں سے کوئی ایک ہوسکتا ہے۔
بھارت، بنگلادیش اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کیا ہے، جس کی وجہ سے دوسرا حصہ ممکنہ طور پر سری لنکا میں کھیلا جاسکتا ہے۔
اس ہائبرڈ ماڈل میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ چاہے بھارت فائنل تک پہنچے یا نہیں، ایونٹ کا فائنل پاکستان میں نہیں کھیلا جائے گا۔
جیسے ہی ایشین کرکٹ کونسل ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کردے گی ویسے ہی ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بھی جون کے آخر تک کردیا جائے گا۔