وزیراعظم شہباز شریف نے تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات نہ صرف معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ انسانیت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی بنیادی انسانی اقدار کو بھی کمزور کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے پُرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام سے متعلق قومی پالیسی کی منظوری دے دی
وزیراعظم نے کہا کہ دین اسلام ایک امن پسند دین ہے جو اعتدال، رواداری، مکالمے اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو تعلیم، مواقع اور مثبت سوچ فراہم کر کے انہیں انتہاپسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام
"انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات نا صرف معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ یہ انسانیت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی بنیادی انسانی اقدار کو بھی کمزور کرتے ہیں اور دین اسلام… pic.twitter.com/adZD1HOKC8
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 12, 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا میں جاری ناانصافیاں، طویل تنازعات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہاپسندی اور تشدد کو جنم دیتی ہیں۔ عالمی منظرنامے پر حل طلب تنازعات، بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں معصوم شہریوں کے خلاف ریاستی ظلم و جبر اور بنیادی حقوق کی پامالی انتہا پسندانہ رویوں کی واضح مثال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قومی پیغامِ امن کمیٹی کی اپیل پر ملک بھر میں یومِ پیغامِ پاکستان منایا گیا
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان دیرینہ تنازعات کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے موثر اور عملی اقدامات کرے تاکہ دنیا کو تشدد اور انتہاپسندی سے پاک بنایا جا سکے۔














