پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر میریلینا آرمیلن نے گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر قائم تاریخی ریلوے میوزیم کے دورے کے دوران بانیٔ پاکستان محمد علی جںاح سے منسوب تاریخی سیلون بھی دیکھا۔
اطالوی سفیر نے ریلوے اسٹیشن پر قائم تاریخی ریلوے میوزیم کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ڈی سی او عابدہ مریم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اسٹیشن سمیت میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔

ریلوے حکام نے اطالوی سفیرِ کو بانیٔ پاکستان محمد علی جںاح سے منسوب تاریخی سیلون بھی دکھایا اور اس کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا، دورے کے دوران اطالوی سفیر نے میوزیم میں محفوظ نایاب اور تاریخی نوادرات کا بغور معائنہ کیا۔
ریلوے حکام کی جانب سے انہیں میوزیم کی تاریخ، پاکستان میں ریلوے کے آغاز، اس کے ارتقا اور مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والے آلات و سامان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سفیرِ اٹلی نے قائدِ اعظم کی سیلون سمیت برطانوی دور کے نادرسامان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے میوزیم میں محفوظ تاریخی ورثے کو سراہا، انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات کسی بھی قوم کی تاریخ اور ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کا تحفظ نہایت اہم ہے۔
دورے کے اختتام پراطالوی سفیر میریلینا آرمیلن نے یادگار کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور ریلوے میوزیم کی دیکھ بھال پر اطمینان کا اظہار کیا۔












