جماعت اسلامی نے کل (بروز اتوار) ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کل کراچی میں 10 مقامات پر دھرنے دے گی اور ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی، انہوں نے جماعت اسلامی کے قائدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کے لیے اپنے اضلاع میں بھرپور اہتمام کریں۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے صوبائی اسمبلی کے باہر جاری احتجاج کے دوران اعلان کیا ہے کہ آج ایک دھرنا روکے جانے کے بعد کل کراچی کے 10 مختلف مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر فاشزم اور شہر دشمنی کا الزام عائد کیا۔
جماعت اسلامی کراچی کے پُرامن احتجاج کے شرکاء پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کھلا ریاستی جبر ہے، جمہوریت کے دعوے کرنے والوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، سیاسی اختلاف کو طاقت کے زور پر دبانا کھلی غنڈہ گردی ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت کا محض ڈھونگ رچا رہی ہے، اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں… pic.twitter.com/7oncDpQJ9Q
— Siraj ul Haq (@SirajOfficial) February 14, 2026
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت بزنس روڈ پر موجود ہیں اور جماعت اسلامی نے صوبائی اسمبلی کے باہر کراچی کے حق اور میگا سٹی گورنمنٹ کے قیام کے لیے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے فاشزم کا مظاہرہ کیا اور نمازِ مغرب کے بعد سے شیلنگ کی جارہی ہے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی کے کارکنان کے سروں پر شیل پھینکے گئے اور شہر کے لوگوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں جماعت اسلامی کے مظاہرے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج
انہوں نے کہا کہ ہم بااختیار بلدیاتی حکومت اور شہریوں کے جینے کے حق کا مطالبہ کر رہے تھے، مگر ہمارے ٹیکسوں پر پلنے والے ہمیں ہی شیلنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سانحہ گل پلازہ میں 80 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور اربوں روپے کا کاروبار تباہ ہوگیا۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ شہریوں پر شیلنگ کر کے کراچی دشمنی کا مظاہرہ کیا جائے۔
جماعت اسلامی کے رُکن اسمبلی محمد فاروق کارکنان سمیت گرفتار۔ یہ پیپلز پارٹی کی بد ترین فسطائیت ہے۔
کراچی کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے۔
جدو جہد مزید تیز ہوگی۔Karachi Rejects PPP #EndPPPWaderaRaj pic.twitter.com/y61fTIKDOk
— Jamaat-Islami AJK&GB Women Wing (@JIWomenAjkGb) February 14, 2026
منعم ظفر خان نے دعویٰ کیا کہ 2022 کے ایکسپائر شدہ شیل شہریوں پر برسائے گئے۔ انہوں نے اہلِ کراچی سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے }حق دو کراچی، جینے دو کراچی{ تحریک کا حصہ بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پُرامن سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ بزنس روڈ پر دکانیں کھلی ہیں اور احتجاج بھی جاری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن نے پورے شہر کو نوگو ایریا بنا دیا ہے اور جماعت اسلامی ایسے اقدامات کا پیچھا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ظالموں نے دھرنا روکنے کی کوشش کی، مگر جماعت اسلامی مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھے گی۔ آج ایک دھرنے کو روکا گیا ہے، کل کراچی کے 10 مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے جن میں شاہراہِ فیصل، نیشنل ہائی وے، شاہراہِ کورنگی اور شارعِ کورنگی شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کے حق اور میگا سٹی گورنمنٹ کے قیام کے لیے جدوجہد کسی صورت نہیں رکے گی اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تحریک جاری رہے گی۔













