نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کیپٹن(ر) لیاقت علی نے سادگی اور عاجزی کی ایک نئی مثال قائم کردی۔
لیاقت علی بغیر کسی پروٹوکول اور سرکاری گاڑیوں کے قافلے کے آزاد کشمیر میں داخل ہوئے، جہاں کوہالہ پل پر قائم پولیس ناکے پر موجود اہلکاروں نے انہیں ایک عام شہری سمجھ کر روک لیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی آزاد کشمیر سہیل حبیب تاجک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، عبدالجبار نئے آئی جی تعینات
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے آئی جی آزادکشمیر کیپٹن ریٹائر لیاقت علی عام لباس میں ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ گھل مل گئے، اس موقع پر پولیس اہلکاروں کو یہ علم نہیں تھا کہ وہ جس شخص سے بات کر رہے ہیں وہ آزاد کشمیر کے نئے سربراہِ پولیس ہیں۔
جب کیپٹن(ر) لیاقت علی نے خود تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ بطور آئی جی آزاد کشمیر چارج لینے آ رہے ہیں تو ناکے پر موجود اہلکار حیرت زدہ رہ گئے، پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر دنگ رہ گئے کہ آزاد کشمیر کے نئے آئی جی نہایت سادہ مزاج، خوش اخلاق اور عام پولیس جوانوں جیسی طبیعت کے حامل ہیں۔

اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی نے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ترجیح پولیس فورس کے مسائل کا حل ہے اور سب سے پہلے پولیس کے جوانوں اور افسران کو درپیش مشکلات اور پریشانیوں کو دور کیا جائے گا اس کے بعد دیگر انتظامی امور پر توجہ دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر سلطان محمود کا انتقال: آزاد کشمیر کے نئے صدر کے لیے لابنگ جاری، ہما کس کے سر بیٹھے گا اور عہدے کی مدت کتنی ہوگی؟
لیاقت علی کو پولیس فورس میں ایک ایسے افسر کے طور پر جانا جاتا ہے جو اپنے جوانوں کے ساتھ مضبوط تعلق رکھتے ہیں، وہ نہ صرف جوانوں میں مقبول ہیں بلکہ کئی مواقع پر افسران کے مقابلے میں جوانوں میں زیادہ پسند کئے جاتے ہیں۔ ان کا یہ رویہ انہیں ایک عوام دوست اور فورس دوست پولیس سربراہ کے طور پر نمایاں کرتا ہے۔
نئے آئی جی آزاد کشمیر کی اس سادہ اور غیر رسمی آمد نے فورس کے حوصلے جہاں بلند کئے وہیں یہ پیغام بھی دیا کہ قیادت اہلکاروں کے درمیان رہ کر مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، نہ کہ صرف پروٹوکول اور اختیارات کے ذریعے۔
دوسری جانب آئی جی آزادکشمیر کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی آزادکشمیر پہنچتے ہی پولیس اہلکاروں کے ساتھ گھل مل گئے تاہم وہاں پر موجود شہریوں نے بھی استقبال کیا اور نئے تعینات آئی جی نے شہریوں کو بھی گلے لگایا۔














