بلاول بھٹو سے بیلا روس کے وزیر خارجہ کی ملاقات، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

منگل 30 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بیلا روس نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد میں بیلا روس کے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان مضبوط اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات استوار کر کے بیلاروس کے ساتھ اعلیٰ سطح روابط اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے بیلاروس کے ہم منصب سے نتیجہ خیز اور تعمیری ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں بلاول بھٹو کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے ذکر پر بھارتی وزیر خارجہ کی ہرزہ سرائی

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاک بیلاروس تعلقات کے لیے ہمارے طویل المدتی اہداف میں اقتصادی تعلقات کی مضبوطی، تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینا، سائنسی تعاون کو فروغ دینا، دفاعی تعاون کو بڑھانا، ثقافتی اور دونوں ملکوں کے عوام کے روابط کو گہرا کرنا شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی طور پر مفید تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی جو دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود میں کردار ادا کرسکے۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اچھے تعلقات کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس دورے کا ایک اہم نتیجہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے ویزوں کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط کرنا تھا جس سے اعلیٰ سطح کے دوروں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اسٹریٹجک انسٹیٹیوٹ اور بیلاروس انسٹیٹیوٹ کے درمیان معاہدہ تعلیمی تعاون کی مضبوط بنیاد رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں مستحکم افغانستان خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ چھٹے وزارتی اجلاس کے دوران ہونے والی بات چیت کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ سال 2024 میں دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ منائیں گے۔

وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی بنیاد کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان باہمی فائدہ مند دوستی کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

پاکستان میں سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں: وزیر خارجہ بیلا روس

اس موقع پر بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک نے دورے کی دعوت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی تعمیری اور بے تکلفانہ انداز میں ملاقات کی جس میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید استوار کرنے پر اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی اور عالمی تبدیلیوں کے باوجود دونوں ممالک کی یہ خواہش ہے کہ وہ باہمی طور پر مفید تعلقات کو استوار کریں۔ ہم پاکستان میں گاڑیاں اور ٹریکٹر بنانے کی فیکٹری لگا کر مزید سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں افغان وزیر خارجہ کی بلاول بھٹو اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

بیلاروس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور مسلم دنیا میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا بیلاروس کی حکومت کی مستقل پالیسی رہی ہے۔ اس خواہش کو دونوں ممالک کی قیادت نے مزید پروان چڑھایا ہے۔

بیلا روس کے وزیر خارجہ کی حکومت پاکستان کی تعریف

انہوں نے معیشت کو مضبوط کرنے اور عالمی سطح پر اپنا امیج بڑھانے پر حکومت پاکستان کی بھی تعریف کی۔

بیلاروس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بیلاروس مختلف دباؤ کے باوجود اپنی خودمختاری اور خارجہ پالیسی کی آزادی کا دفاع کررہا ہے اور خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کا مخالف ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی فورم پر بیلاروس کی حمایت پر پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان، افغانستان اور چین پر مشتمل جغرافیائی مثلث کی اہم بیٹھک

انہوں نے کہا کہ ہم نے تعاون کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور عالمی مسائل پر نظریات کے اتحاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بیلاروسی وزیر خارجہ نے کہا کہ بات چیت کے دوران تجارتی اور اقتصادی تعاون پر زیادہ توجہ مرکوز کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp