پنجاب حکومت نے افسران کے لیے نئی ٹرانسپورٹ پالیسی جاری کر دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب 3 سرکاری گاڑیاں اپنے استعمال میں رکھ سکیں گے۔
ان میں 2800 سی سی، 1800 سی سی اور 4700 سی سی انجن کی گاڑیاں شامل ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب پولیس کو 2 گاڑیوں کے لیے ماہانہ 800 لیٹر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا صوبے بھر میں تعمیراتی منصوبوں پر حفاظتی انتظامات مؤثر بنانے کا فیصلہ
جبکہ 4700 سی سی گاڑی کے لیے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
اس سے قبل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب 1300 اور 1600 سی سی گاڑیاں رکھنے کے مجاز تھے۔
پہلے انہیں ڈیوٹی کے لیے گاڑی پر ماہانہ 200 لیٹر پیٹرول دیا جاتا تھا، البتہ سرکاری دوروں کے لیے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں تھی۔
نئی پالیسی کے مطابق گریڈ 20، 21 اور 22 کے افسران میں شامل سیکریٹریز 2800 اور 1800 سی سی انجن کی 2 گاڑیاں استعمال کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کی 10 ہزار روپے کی امداد، 10 ہزار میں کتنے دن کیا کھایا جا سکتا ہے؟
گریڈ 21 اور 22 کے افسران کو ذاتی استعمال کے لیے 200 لیٹر پیٹرول ماہانہ فراہم کیا جائے گا، جبکہ سرکاری استعمال کے لیے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی۔
پرانی پالیسی کے تحت انتظامی سیکریٹری پنجاب 1300 سی سی گاڑی اور 200 لیٹر پیٹرول ماہانہ استعمال کرنے کے مجاز تھے۔
اسی طرح گریڈ 19 اور 20 کے اسپیشل سیکریٹریز اور ڈی آئی جیز 1600 سی سی گاڑی اور 250 لیٹر پیٹرول ماہانہ استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ پرانی پالیسی کے تحت انہیں 1000 سے 1300 سی سی گاڑی اور 175 لیٹر پیٹرول ماہانہ دیا جاتا تھا۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کی آسان کاروبار اسکیم میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف
مزید برآں، گریڈ 19 کے ایڈیشنل سیکریٹریز کو 1600 سی سی گاڑی اور 200 لیٹر پیٹرول ماہانہ فراہم کیا جائے گا، جبکہ پہلے انہیں 175 لیٹر پیٹرول ماہانہ دیا جاتا تھا۔
گریڈ 18 کے ڈپٹی سیکریٹریز 1500 سی سی گاڑی کے لیے 175 لیٹر پیٹرول ماہانہ استعمال کریں گے۔
یاد رہے کہ پرانی پالیسی کے تحت انہیں 1000 سی سی گاڑی اور 150 لیٹر تک پیٹرول ماہانہ دیا جاتا تھا۔
چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب کے اسٹاف آفیسر اور سیکشن آفیسر 1300 سی سی گاڑی اور 150 لیٹر پیٹرول ماہانہ استعمال کریں گے۔
اسی طرح پنجاب میں وزرا کے اسٹاف آفیسر کو 1300 سی سی گاڑی اور 125 لیٹر پیٹرول ماہانہ فراہم کیا جائے گا۔
















