آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت رمضان سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، آئی جی اسلام آباد نے سینیئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ رمضان میں ہر ممکنہ سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں اور فیلڈ میں اپنی موجودگی برقرار رکھیں، ساتھ ہی افسران اہلکاروں کو ڈیوٹی کے متعلق مکمل بریف کریں۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں ضمنی انتخابات، فول پروف سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کے سپرد
اجلاس میں مساجد، امام بارگاہیں اور رمضان بازاروں میں سخت سیکیورٹی انتظامات پر زور دیا گیا اور نمازِ فجر، افطار اور تراویح کے اوقات میں خصوصی پٹرولنگ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید مؤثر بنانے اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی کڑی نگرانی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
آئی جی نے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جبکہ شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے مؤثر نگرانی کو فعال رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ: رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا؟
افطار کے اوقات میں ٹریفک کے رش کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز پر اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور رمضان میں محفوظ اور پرسکون ماحول کی فراہمی ہر شہری اور پولیس کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔














