سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزرا اور گورنر ہاؤس سندھ پر الزام لگایا ہے کہ وہ سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کی جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں اور اس وقت میگا پراجیکٹس کراچی میں تعمیر ہورہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کراچی کے تاجروں کے نقصان کی تلافی کرنے کے بجائے انہیں دھمکیاں دے رہی ہے، ایم کیو ایم
انہوں نے واضح کیاکہ سندھ کی جانب سے شروع کی جانے والی اسکیمیں صرف کراچی یا حیدرآباد کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ ملک بھر سے لوگ علاج کے لیے کراچی آتے ہیں اور جگر کی پیوند کاری جیسے علاج کے لیے لوگ پہلے بیرون ملک جاتے تھے، لیکن اب یہ سہولیات سندھ میں دستیاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف یہ ہے کہ کوئی مریض علاج کے لیے ملک سے باہر نہ جائے۔
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل پورٹل پر کام کر رہی ہے، تھرپارکر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں، اور کسان خواتین کے لیے نئے منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
امن و امان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کراچی میں صورتحال بہتر ہوئی ہے اور صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اور ہائی ویز محفوظ ہیں۔ گزشتہ 120 پولیس مقابلوں میں 28 ڈاکو ہلاک اور 56 زخمی گرفتار کیے گئے۔
کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ شہر میں سڑکوں اور ٹریفک کے مسائل موجود ہیں، اور اس کی آبادی کا موازنہ دوسرے شہروں سے نہیں بلکہ ملکوں سے کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہر روز ہزاروں لوگ ملک بھر سے کراچی میں داخل ہوتے ہیں اور شہر کے اسپتالوں میں 50 فیصد مریض باہر سے آتے ہیں، جن پر ہونے والا اخراجات سندھ حکومت برداشت کر رہی ہے۔
رمضان میں آصف زرداری کی مبینہ میٹنگ کی خبر کے بارے میں پوچھے جانے پر شرجیل میمن نے کہا کہ یہ خبر حقیقت سے بعید ہے اور صرف افواہوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری مسلسل بریفنگ لیتے رہتے ہیں۔
شرجیل میمن نے دوبارہ وفاقی حکومت اور گورنر ہاؤس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی یتیم افراد کی سازشیں جاری ہیں، وفاقی وزرا سندھ حکومت کے خلاف سازش کررہے ہیں، اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پر فوری جواب طلب کرے۔
مزید پڑھیں: گورنر کامران ٹیسوری کو ہٹانے کا فیصلہ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نئے نام پر متفق، ایم کیو ایم نے تردید کردی
انہوں نے واضح کیاکہ وفاقی حکومت ہر وقت پیپلزپارٹی سے مدد مانگتی ہے اور سندھ حکومت انہیں سپورٹ کررہی ہے، حالانکہ اتحادی نہیں ہیں۔













