چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی کی تیار کردہ ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی گفتگو کرنے والی ایپ ڈوباؤ نے قمری نئے سال کی تعطیلات کے دوران یومیہ 10 کروڑ فعال صارفین کا سنگِ میل عبور کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین مصنوعی ذہانت کے میدان میں امریکا کو پچھاڑنے کے لیے کوشاں
اعداد و شمار جاری کرنے والے ایک چینی ادارے کے مطابق 16 فروری کو اس ایپ کو روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد چند ہفتوں پہلے کے مقابلے میں تقریباً چار گنا بڑھ گئی۔
ایپ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب اسے چین کے سرکاری ٹی وی کے نئے سال کے خصوصی پروگرام میں شامل کیا گیا، جو ملک میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پروگرام سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق نشریات کے دوران اس ایپ نے ایک ارب 90 کروڑ سے زائد سوالات کے جواب دیے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک معاہدہ، بائٹ ڈانس کو امریکی آپریشنز میں بورڈ سیٹ مل گئی
رپورٹ کے مطابق دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی اپنی مصنوعی ذہانت کی ایپس کی تشہیر پر اربوں یوآن خرچ کیے، مگر وہ اتنی بڑی تعداد میں روزانہ صارفین حاصل نہ کر سکیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تہوار کے دوران صارفین کی تعداد میں اضافہ ہونا معمول کی بات ہے، اصل چیلنج تعطیلات کے بعد صارفین کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔














