سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 3 عمرہ کمپنیوں کو معطل کر دیا ہے کیونکہ ان کمپنیوں نے عمرہ زائرین کو منظور شدہ معاہداتی پروگرام کے مطابق رہائش کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی کا ارتکاب کیا۔ وزارت نے زور دیا کہ متعلقہ حکام کے تعاون سے ان کمپنیوں کے بیرونی ایجنٹس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے 1,800 عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کردیے
وزارت نے بتایا کہ کئی عمرہ زائرین کی جانب سے سعودی عرب پہنچنے کے باوجود اپنی منظور شدہ رہائش فراہم نہ ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جبکہ یہ سہولیات معاہداتی پروگرام میں واضح طور پر درج تھیں۔ یہ قوانین اور ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے جو عمرہ زائرین اور مسجدِ نبوی کے مہمانوں کے لیے خدمات کی فراہمی کو کنٹرول کرتی ہیں۔
مزید برآں، خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو فوراً متاثرہ عمرہ زائرین کے لیے رہائش فراہم کرنے کا پابند کیا گیا۔ یہ اقدامات منظور شدہ ضابطہ کار کے مطابق کیے گئے تاکہ متاثرین کے حقوق کا تحفظ ہو، ایسی خلاف ورزیوں کی دوبارہ تکرار روکی جا سکے اور عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بہتری آئے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: مقامی شہریوں اور مقیم افراد کے لیے حج رجسٹریشن کا آغاز
وزارت نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت یا معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور عمرہ زائرین کے حقوق اور خدمات کے معیار کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
وزارت نے تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں سے تاکید کی ہے کہ وہ منظور شدہ قوانین اور ہدایات کی مکمل پاسداری کریں اور اپنے معاہداتی وعدوں کے مطابق خدمات فراہم کریں۔














