حکومت گلگت بلتستان نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ضلع گلگت اور اسکردو میں کرفیو نافذ کرنے اور پاک فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ و جیل خانہ جات گلگت بلتستان کی جانب سے یکم مارچ کو جاری کیے گئے ایک ہنگامی نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث فوری اقدامات ناگزیر قرار دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے خلاف احتجاج، گلگت بلتستان میں کل تعلیمی ادارے بند رہیں گے
نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع گلگت اور اسکردو میں 3 روزہ کرفیو نافذ کیا جائے، جس کا اطلاق 2 مارچ سے 4 مارچ تک ہوگا۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت شبیر میر کے مطابق یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے اور انسانی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
https://Twitter.com/ShabbirMir/status/2028193459446960608
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پاکستان آرمی کے دستوں کی تعیناتی کی بھی درخواست کی ہے تاکہ سول انتظامیہ کی معاونت کی جا سکے اور امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق کرفیو میں مخصوص اوقات کے لیے نرمی بھی دی جائے گی، 2 مارچ کو رات 12 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا جبکہ دوپہر 12 سے شام 4 بجے تک نرمی کے بعد شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک کرفیو کا نفاذ رہے گا۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں سی ٹی ڈی یونٹ فعال، خصوصی تھانہ قائم
کرفیو شیڈول کے مطابق 3 مارچ کو رات 12 سے صبح 5 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی جبکہ صبح 5 سے شام 4 بجے تک کرفیو کے نفاذ کے بعد ایک مرتبہ پھر شام 4 سے رات 8 بجے تک نرمی رہے گی، رات 8 بجے سے اگلے روز صبح 5 بجے تک پھر کرفیو رہےگا۔
اسی طرح 4 مارچ کو صبح 5 سے 8 بجے تک کرفیو کے اوقات میں نرمی برتی جائے گی جس کے بعد صبح 8 سے شام 4 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، شام 4 سے رات 8 بجے تک ایک مرتبہ پھر نرمی برتنے کے بعد رات 8 بجے سے رات 12 بجے تک کرفیو کا نفاذ رہے گا۔
مزید پڑھیں: ‘صدر آزاد کشمیر ہمارا ہوگا،’ مسلم لیگ ن کا صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان
ڈپٹی سیکریٹری داخلہ غلام حسن کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کاپیاں متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔














