وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ نے آپریشن ’غضب للحق‘ کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کارروائی کے دوران افغان طالبان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیرِ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں افغان طالبان رجیم کے 464 دہشتگرد ہلاک جبکہ 665 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ مزید برآں 188 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں اور 31 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دشمن کے 192 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن ’غضب للحق‘: افغان طالبان کو بھاری نقصان، پاکستان کی فضائی کارروائیاں جاری
عطااللہ تارڑ کے مطابق افغانستان بھر میں 56 مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عسکری ڈھانچے کو نمایاں نقصان پہنچا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپریشن کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا اور سرحدی علاقوں میں امن و استحکام قائم کرنا ہے اور یہ کارروائیاں ملک کے دفاع کے لیے جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ افغان طالبان کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کے خلاف پاکستان کی جانب سے آپریشن غضب للحق جاری ہے، جس میں افغان طالبان کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ پاکستان نے کابل پر واضح کیا ہے کہ انہیں پاکستان یا دہشتگردوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔














