محکمہ داخلہ پنجاب نے یومِ شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کے لیے جامع ہدایات جاری کردی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق 21 رمضان المبارک بمطابق بدھ 11 مارچ 2026 کو یومِ شہادت حضرت علیؓ ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، جس دوران جلوس، مجالسِ عزا اور مذہبی اجتماعات منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری کی حضرت علیؓ کے روضہ اقدس پر حاضری
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں، مدارس اور مزارات کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے جبکہ ضرورت کے مطابق اضافی نفری تعینات کی جائے۔ ماتمی جلوسوں، محافل عزا اور عوامی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض یا اشتعال انگیز تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ پنجاب بھر میں آتشیں اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ پنجاب ساؤنڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مرکزی جلوسوں کی نگرانی کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کی جائے گی تاکہ سیکیورٹی صورتحال اور نفری کی تعیناتی پر مؤثر نظر رکھی جا سکے۔ جلوسوں کے روٹس پر واپڈا کی ٹرانسمیشن لائنوں اور ایس این جی پی ایل کی گیس پائپ لائنوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم ولادت خاتم النبین حضرت محمد ﷺ : پاک فوج کی اسلام آباد میں 31 اور صوبوں میں 21 توپوں کی سلامی
صوبے کے تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، شرپسند عناصر کی نگرانی اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ممتاز مذہبی و سیاسی شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے بھی اضافی انتظامات کیے جائیں گے۔
ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت سمیت ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایمبولینسز، طبی عملہ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ افطار کے اوقات میں سیکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتنے پر زور دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور کا 21 رمضان کا زری جلوس اہم مذہبی جلوسوں میں شامل ہے، اس لیے اس کی خصوصی نگرانی کی جائے گی اور تمام سیکیورٹی اہلکار جلوس و مجالس کے مکمل اختتام تک ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 10 محرم الحرام پر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات، 4000 سے زائد اہلکار تعینات
محکمہ داخلہ نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جاری کردہ سیکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔














