وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے موجودہ عالمی صورت حال پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں اپوزیشن کو بھی کل ہونے والے اہم اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں وفد نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس سے اپوزیشن لیڈر چیمبر میں ملاقات کی۔
مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ صاحب کی سربراہی میں وفد کی لیڈر آف اپوزیشن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس صاحب سے اپوزیشن لیڈر چیمبر میں ملاقات ، خطے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں کل وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی بریفینگ میں شمولیت کی… pic.twitter.com/0IUbpRrwb8
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) March 3, 2026
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں کل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
دونوں شخصیات نے اپنی جماعت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا اور کہاکہ فیصلہ ہونے کی صورت میں جلد آگاہ کریں گے۔
اس موقع پر کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا اور تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی سلامتی کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر غور کے لیے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ کے مطابق پارلیمانی لیڈرز کے ان کیمرا اجلاس میں محمود خان اچکزئی کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے کل صبح ساڑھے 11 بجے تمام پارٹی سربراہان اور پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران پر ہونے والے حملے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، مولانا فضل الرحمان کا ایرانی سفارتخانے کا دورہ
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اپوزیشن لیڈران اور مختلف جماعتوں کے سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر قومی امور پر مشاورت کریں۔














