پاکستان سعودی عرب پر حملے روکنے کے لیے ایران کے ساتھ بات چیت کررہا ہے، رانا ثنااللہ

بدھ 4 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ سعودی عرب پر حملوں کو روکنے کے لیے بات چیت کررہا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ فوجی قیادت نے آج کی ان کیمرا بریفنگ میں آگاہ کیا کہ وہ ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے اور یہ یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں کہ خلیجی ممالک کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا ایرانی جارحیت پر بھرپور جواب دینے کا اعلان

یہ ان کیمرا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بلایا گیا تاکہ پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو پاکستان افغانستان صورتحال، مشرق وسطیٰ میں تنازع اور پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ اجلاس میں شرکا نے ایران کے حق میں اس بات کی حمایت کی کہ وہ اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کرے، تاہم ان کا ماننا تھا کہ تہران کا ردعمل خلیجی ممالک کی طرف نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس میں مختلف ممالک، خصوصاً خلیجی ریاستوں کے ساتھ اپنے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔

رانا ثنااللہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اجلاس کو بتایا کہ ایران نے یہ یقین دلایا ہے کہ اگر سعودی عرب اس بات کی ضمانت دے کہ اس کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہوگی تو وہ سعودی عرب پر حملے نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایران اور دیگر ممالک کے ساتھ تبادلے کافی مثبت ہیں اور پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان رابطے کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی فوجی اور سیاسی قیادت نے پہلے بھی ایران کے ساتھ مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال بیان کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ایران پر جنگ مسلط کی گئی ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششیں اس تنازعے کو ختم کرنے کے لیے معاہدے تک پہنچانے پر مرکوز ہیں۔

انہوں نے خبردار کیاکہ امریکا نے یہ توقع کی ہوگی کہ ایران ابتدائی بڑے حملے کے بعد پیچھے ہٹ جائے گا اور تمام شرائط یکطرفہ طور پر قبول کرے گا، تاہم خطے میں جنگ طویل ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو متبادل روٹ سے تیل کی سپلائی، سعودی عرب کی مکمل حمایت

واضح رہے کہ 28 فروری سے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد ایران میں ایک ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کے اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، وزیر قانون

گوگل ڈاکس، شیٹس اور سلائیڈز میں جیمینی کے ذریعے خودکار مواد کی تیاری ممکن

مکیش امبانی امریکا میں 300 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی سنی گئی، محسن نقوی نے بڑا اعلان کردیا

اسرائیل سے ہسپانوی سفیر واپس بلا لیا گیا

ویڈیو

5جی اسپیکٹرم کی نیلامی: کیا انٹرنیٹ کے مسائل ختم ہوجائیں گے؟

حکومت نوجوانوں کے لیے کیا کررہی ہے؟ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن روبینہ اعوان کا خصوصی انٹرویو

پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے بعد پرانی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک بنانے کا رجحان بڑھ گیا

کالم / تجزیہ

ایران سے افغان مہاجرین کی واپسی افغان طالبان کے لیے نئی مصیبت

ایران کی موزیک دفاعی پالیسی کیا ہے، اس نے کیا کرشمہ کر دکھایا؟

بوئے خوں آتی ہے امریکا کے افسانے سے