امریکا اور اسرائیل کی بمباری جاری، تہران میں زندگی سست روی کا شکار، انٹرنیٹ بھی بند

جمعرات 5 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلسل فضائی حملوں کے دوران دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں زندگی شدید متاثر ہو گئی ہے، جبکہ حکام نے عالمی انٹرنیٹ تک رسائی بھی محدود کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق تہران میں گزشتہ کئی دنوں سے دھماکوں کی آوازیں معمول بن چکی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں میزائل حملوں کے بعد دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں پانی اور بجلی کی کچھ تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، تاہم تاحال ملک گیر سطح پر بجلی یا پانی کی فراہمی میں بڑی بندش سامنے نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں 300 سے زائد بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کردیے، اسرائیل کا دعویٰ

دارالحکومت کی سڑکیں معمول کے مقابلے میں زیادہ سنسان ہیں اور متعدد کاروباری مراکز بند ہیں، تاہم بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی بدستور جاری ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق بعض دکانوں پر اشیاء دستیاب ہیں مگر قیمتوں میں شدید اضافہ ہو چکا ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں روٹی اور پیٹرول کے حصول کے لیے قطاریں بھی دیکھی جارہی ہیں۔

ایرانی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پانی اور بجلی کا محتاط استعمال کریں کیونکہ جنگی صورتحال کے باعث تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے۔

دوسری جانب ایرانی معیشت پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فروری کے وسط تک سالانہ مہنگائی کی شرح 68.1 فیصد تک پہنچ چکی تھی، جب کہ خوراک کی مہنگائی 105 فیصد تک جا پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت نے ایران میں اسپتالوں پر 13 حملوں اور 4 اموات کی تصدیق کر دی

بعض اشیائے خورونوش میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جن میں کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 207 فیصد، سرخ گوشت میں 117 فیصد، انڈوں اور دودھ کی مصنوعات میں 108 فیصد، پھلوں میں 113 فیصد جبکہ روٹی اور مکئی میں 142 فیصد اضافہ شامل ہے۔

ایران کی کرنسی ریال بھی شدید دباؤ میں ہے اور جنگ سے قبل ایک امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 1 لاکھ 66 ہزار ایرانی ریال تک پہنچ گئی تھی۔ غیر یقینی صورتحال کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی جا رہی ہے جبکہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جنگ کے دوران ایرانی حکومت نے عالمی انٹرنیٹ تک رسائی بھی محدود کر دی ہے اور ملک میں چھٹے روز بھی انٹرنیٹ سروس تقریباً معطل ہے۔ شہریوں کو صرف مقامی نیٹ ورک اور سرکاری ویب سائٹس تک محدود رسائی حاصل ہے۔

بین الاقوامی مبصر اداروں کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی معمول کے مقابلے میں 1 فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں حکومت مخالف احتجاج میں شدت، تہران میں انٹرنیٹ اور فون سروس معطل

حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پابندیوں کا مقصد معلومات کے بہاؤ کو محدود کرنا اور سیکیورٹی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنا ہے، جبکہ ناقدین اسے معلومات تک رسائی روکنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز امریکا اور اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر مشترکہ حملے شروع کیے تھے، جن کے بعد ایران نے بھی خطے میں امریکی اڈوں اور اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملوں کا آغاز کر یا، جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ورک فرام ہوم، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں کمی، خیبرپختونخوا نے بھی اہم فیصلے کرلیے

اسلام میں ذہنی سکون حاصل کرنے کے طریقے

ایران کا میزائل پروگرام تباہ کرنا ہمارا مقصد ہے، امریکی وزیر خارجہ

خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

مشرق وسطیٰ جنگ: خلیج فارس میں رکے جہاز پر کئی پاکستانی پھنس گئے، کراچی کا رہائشی بھی شامل

ویڈیو

اسلام میں ذہنی سکون حاصل کرنے کے طریقے

تیل کی قیمتوں میں اضافہ، حالات کنٹرول سے باہر ہونے کا خدشہ، امریکا و اسرائیل کو بھاری نقصان، ٹرمپ کی چیخیں

نقاب میں شناخت، چارسدہ کی نوجوان کنٹینٹ کریئیٹر کی کہانی

کالم / تجزیہ

انڈین کرکٹ ٹیم مسلسل ناقابل شکست کیسے بنی؟

کیا یہ امریکا کی آخری جنگ ہے؟

موکھی متارا: کراچی کی ایک تاریخی داستان