بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے ایک سرکاری اسکول میں 10ویں جماعت کے طالب علم کی جانب سے استاد کو مبینہ طور پر مُکا مارنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید بحث چھڑ گئی ہے جبکہ محکمہ تعلیم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت، ایم بی اے طالبہ کے قتل کا لرزہ خیز واقعہ، ملزم گرفتار
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ضلع کرشنا کے بپولاپادو منڈل میں واقع ویراولی ضلع پریشد ہائی اسکول میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول کے اوقات کے دوران ایک استاد نے طالب علم کو کسی معاملے پر تنبیہ کی جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔
بحث کے دوران معاملہ شدت اختیار کر گیا اور طالب علم نے مبینہ طور پر استاد کو مُکا مار دیا جس سے اسکول میں موجود دیگر طلبہ اور عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں طالب علم کو استاد کے ساتھ بحث کرتے اور پھر ہاتھ اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد والدین اور مقامی افراد میں بھی شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دہلی میں ہولناک سانحہ: بیٹے نے ماں، باپ اور بھائی کو قتل کر ڈالا
بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علم کا مؤقف ہے کہ اس نے ردعمل اس وقت دیا جب استاد نے مبینہ طور پر بحث کے دوران اس کی والدہ کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے۔
واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے محکمہ تعلیم اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس حکام نے طالب علم کو پوچھ گچھ اور کونسلنگ کے لیے طلب کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ طالب علم کم عمر ہے اور جلد ہونے والے امتحانات کی تیاری کر رہا ہے اس لیے معاملے کو احتیاط کے ساتھ نمٹایا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ تعلیم نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ اصل صورتحال کا تعین کیا جا سکے۔












