رمضان المبارک کے آخری عشرے کی تیاریوں کے سلسلے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔ حکام نے 18 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کے ساتھ قریباً 6 ہزار گاڑیاں اور مختلف آلات تعینات کردیے ہیں، جبکہ مسجد نبوی میں عبادت گزاروں نے اعتکاف بھی شروع کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جن افراد نے رجسٹریشن مکمل کر کے اجازت نامے حاصل کیے تھے، انہوں نے مسجد نبوی میں اعتکاف کی عبادت کا آغاز کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: رمضان اسپیشل: اعتکاف کی اہمیت کو سمجھیں، شب قدر قمست بدل دینے والی رات کیوں ہے؟
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے عبادت گزاروں کے لیے متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں رہنمائی، انتظامی خدمات، طبی سہولیات، ترجمہ، مہمان نوازی اور ضروری سامان کی فراہمی شامل ہے تاکہ زائرین کو آرام دہ اور روحانی ماحول میسر آ سکے۔
فیلڈ ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں جو داخلے اور اخراج کے مقامات کی نگرانی کے ساتھ مختلف خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہیں، تاکہ عبادت گزار مکمل یکسوئی کے ساتھ عبادت اور دعا میں مشغول رہ سکیں۔
دوسری جانب مدینہ منورہ کی بلدیہ نے بھی مسجد نبوی اور شہر کی دیگر بڑی مساجد میں آنے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 5 ہزار 700 سے زیادہ اہلکاروں کے ساتھ ایک ہزار 230 آپریشنل گاڑیاں اور دیگر آلات متحرک کیے گئے ہیں۔
آپریشنل منصوبے کے تحت صفائی اور ماحولیاتی حفظان صحت کو بہتر بنانے، بنیادی سہولیات کو مضبوط بنانے اور تجارتی و خوراک سے متعلق اداروں کی سخت نگرانی پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صحت کے معیار اور مصنوعات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے اور بلدیاتی خدمات سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کے لیے الیکٹرانک پلیٹ فارم بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کے ذریعے وزارت بلدیات و رہائش نے عمرہ زائرین اور دیگر آنے والے افراد کو محفوظ اور منظم ماحول میں عبادات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بلدیاتی اداروں کی تیاری کو مزید بہتر بنایا ہے۔
مزید پڑھیں: فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے 5 ہزار روپے رجسٹریشن فیس کس نے ختم کی؟
ادھر مکہ مکرمہ میں بلدیہ نے مرکزی علاقے اور مسجد الحرام کے اطراف صفائی اور دیگر انتظامی سرگرمیوں کے لیے 13 ہزار سے زائد اہلکار چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اسی طرح مسجد الحرام تک رسائی آسان بنانے اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے 42 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کی گنجائش رکھنے والی پانچ پارکنگ جگہیں بھی تیار کر لی گئی ہیں۔














