سری لنکا نے ڈیفالٹ ہونے کے بعد پہلی بار شرح سود میں کمی کا بڑا اعلان کر دیا

جمعہ 2 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا نے 3 سالوں میں پہلی بار شرح سود میں کمی کا اعلان کرکے ماہرین کو حیران کردیا، ڈیفالٹ ہونے کے بعد سری لنکا کا یہ اقدام معیشت کی بحالی کی طرف ایک اشارہ ہے، اس سے قبل سری لنکا کو ملکی معیشت میں تاریخی خسارے کا سامنا تھا۔

عرب ٹی وی چینل ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے مرکزی بینک نے 3سال میں پہلی بار شرح سود میں کمی کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اس حیران کن اقدام کے بعد یہی لگ رہا ہے کہ سری لنکا مالی بحران سے نکل چکا ہے۔

معاشی بد انتظامی اور کورونا وبا کے اثرات کے باعث سری لنکا کی معیشت بحران کا شکار ہو گئی تھی، اس دوران سری لنکا کو ضروری درآمدات کے لیے ڈالرکی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑا، ڈالر نہ ہونے کے باعث سری لنکا 7 دہائیوں کے بدترین بحران کا شکار ہوگیا۔

خوراک، ادویات اور ایندھن کی شدید قلت سڑکوں پر ہونے والے مظاہروں کا باعث بنی جس نے اس وقت کے صدر گوتابایا راجا پاکسے کو ملک چھوڑ کر استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔

جولائی2022 میں نئی حکومت نے سری لنکا کی باگ ڈور سنبھالی اور مارچ 2023 میں بین الاقومی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف سے 290 کروڑ ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج لیا۔ سری لنکا کے لیے  مجموعی طور پر یہ 17 واں آئی ایم ایف بیل آؤٹ تھا جبکہ دہائیوں تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے 2009 میں خاتمے کے بعد یہ تیسرا بیل آؤٹ پیکج تھا۔

 گزشتہ برس ستمبر سے سری لنکا میں مہنگائی کی شرح تقریباً 70 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، اب آہستہ آہستہ نیچے آرہی ہے، حکومتی محصولات بڑھ رہے ہیں اور ملک کے توازن ادائیگی پر دباؤ کم ہو رہا ہے۔

سری لنکن حکومت کا مقصد اس سال ستمبر تک دوسرے ممالک کے ساتھ اپنے دوطرفہ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے لیے بات چیت مکمل کرنا ہے۔

کولمبو میں ایشیائی سیکیورٹیز کے سینیئر وائس پریزیڈنٹ سنجیوا فرنینڈو نے کہا کہ سری لنکا نے شرح سود میں کمی کا اعلان کیا ہے اس اعلان کا مطلب ہے کہ معیشت بحران سے نکل چکی ہے۔

سینٹرل بینک آف سری لنکا (سی بی ایس ایل) نے اپنے اسٹینڈنگ ڈپازٹ فیسیلٹی ریٹ (ایس ڈی ایف) میں  15.5 فیصد سے کم کر کے 13 فیصد اور اسٹینڈنگ لینڈنگ فیسیلیٹی ریٹ (ایس ایل ایف) میں 16.5 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد جبکہ مجموعی طور پر 250 بیسز پوائنٹس میں کمی کی گئی ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق شرح میں بڑی کٹوتی کرنے سے معیشت کو بحالی کی طرف لے جانے میں مدد ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp