مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پروازوں کی صورتحال کے باعث سری لنکا نے افغانستان کے خلاف 6 میچوں پر مشتمل محدود اوورز کی کرکٹ سیریز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
یہ سیریز اسی ہفتے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونا تھی۔
سری لنکا کرکٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق پروازوں کی صورتحال اور خطے میں جاری لڑائی کے باعث سیریز منسوخ کرنا پڑی۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا اور آئر لینڈ: کیا افغان کھلاڑی پی ایس ایل سے باہر ہوگئے؟
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچز 13، 15 اور 17 مارچ کو شارجہ میں جبکہ 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچز 20، 22 اور 25 مارچ کو دبئی میں کھیلے جانے تھے۔
یہ پہلا موقع ہوتا جب افغانستان کسی دوطرفہ سیریز میں سری لنکا کی میزبانی کرتا، تاہم سیکیورٹی اور سفری مسائل کے باعث سیریز ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں خطے میں لڑائی پھیل گئی ہے، جس کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کرکٹ ورلڈکپ 2023: افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
دبئی سمیت خطے کے مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں میں خلل آیا، جبکہ ایران کی جانب سے خلیجی خطے میں ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث دبئی ایئرپورٹ کو بھی مختصر وقت کے لیے بند کرنا پڑا۔
افغانستان اب تک اپنے ملک میں کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ منعقد نہیں کر سکا اور اسے اپنی ہوم سیریز بھارت یا متحدہ عرب امارات میں کھیلنا پڑتی ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا نے سابق جنوب افریقی ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسٹن کو قومی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: افغانستان بمقابلہ سری لنکا: ’ سب کچھ بورڈ پر لکھا ہے، افغانستان کرکٹ اُبھر کر سامنے آ رہی ہے‘
یہ تقرری سنتھ جے سوریا کے استعفیٰ کے بعد کی گئی، جنہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کے ابتدائی مرحلے میں اخراج کے بعد عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق گیری کرسٹن 15 اپریل سے 2 سالہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، حالانکہ جے سوریا کا معاہدہ جون کے آخر تک برقرار رہنا تھا۔
گیری کرسٹن اس سے قبل 2008 سے 2011 تک بھارت اور 2011 سے 2013 تک جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔













