پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کفایت شعاری مہم کے تحت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے قومی مفاد میں اپنی تنخواہ اور سرکاری پیٹرول سمیت تمام مراعات ترک کرنے کا اعلان کیا، جبکہ اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں دو ماہ کے لیے 25 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری کے لیے وزیراعظم کے اعلانات، قومی خزانے کو کتنی بچت ہوگی؟
نوٹیفکیشن کے مطابق 70 فیصد سرکاری گاڑیاں بند رکھی جائیں گی اور صرف 30 فیصد گاڑیاں دفتری امور کے لیے استعمال ہوں گی، جبکہ پروٹوکول گاڑیوں کے اسکواڈ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس غروب آفتاب سے پہلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ناگزیر صورت میں قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ورچوئل یا آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ہوں گے اور اجلاسوں کی تعداد بھی کم سے کم سطح تک محدود رکھی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دفاتر بند رہیں گے، تاہم اجلاس کے دنوں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔ رمضان المبارک میں دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جبکہ رمضان کے بعد صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے کفایتی اقدامات، اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کردیں
بجلی کے استعمال میں 70 فیصد کمی کے لیے غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ سیکرٹریٹ میں پیپر لیس ورکنگ اپنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام نئی خریداری فوری طور پر بند کر دی گئی ہے اور صرف ناگزیر روزمرہ ضروریات کے لیے محدود خریداری کی اجازت ہوگی۔
جون 2026 تک نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں اور افطار ڈنرز کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید برآں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کا 80 فیصد عملہ گھر سے ورچوئل ڈیوٹی انجام دے گا اور ضرورت پڑنے پر ملازمین کو ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر طلب کیا جا سکے گا۔ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو آنریریا یا سیشن الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حکومت کا بڑا کفایت شعاری پیکج، اخراجات میں نمایاں کمی کے لیے اہم فیصلے
اسمبلی سیشن کے دوران ضرورت کے مطابق ان اقدامات میں مناسب تبدیلی کی جا سکے گی۔














