کراچی کے مشہور شاپنگ مال گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے بعد جہاں ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہوا تھا وہاں اب متاثرہ دکانداروں کی بحالی کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں متبادل مارکیٹیں اور عارضی اسٹالز قائم کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ گل پلازہ: کئی گیٹ بند تھے، ریسکیو میں تاخیر ہوئی، امدادی کارکنوں کے جوڈیشل کمیشن میں بیانات
اس اقدام کا مقصد تاجروں کو عید الفطر کی خریداری کے سیزن میں دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
پولو گراؤنڈ (بارہ دری) میں ‘عارضی گل پلازا’
حکومتِ سندھ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی نے باغ جناح (پولو گراؤنڈ) کے قریب بارہ دری کے مقام پر متاثرہ دکانداروں کے لیے ایک بڑی عارضی مارکیٹ قائم کی ہے۔ یہاں تقریباً 350 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کے لیے 300 عارضی دکانوں کا قیام
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق یہ اسٹالز دکانداروں کو بغیر کسی کرایے کے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ رمضان اور عید کے دوران اپنا کاروبار کر سکیں۔
یہ مارکیٹ روزانہ شام 4 بجے سے صبح 4 بجے تک کھلی رہتی ہے۔ یہاں ریڈی میڈ ملبوسات، جوتے، جیولری، کراکری اور کاسمیٹکس کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صرف پولو گراؤنڈ ہی نہیں بلکہ دیگر تجارتی علاقوں میں بھی متاثرین کو جگہ دی جا رہی ہے۔ پارکنگ پلازا (صدر) میں بھی دکانداروں کی عارضی منتقلی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: سانحہ گل پلازہ کیس کی سماعت میں اہم پیشرفت، گواہوں کے بیانات قلمبند
نیو جامع مارکیٹ اور رائل مارکیٹ (کورنگی روڈ) پر بھی متاثرہ تاجروں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے جگہیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایک غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے قیوم آباد اور ڈیفنس کے سنگم پر واقع ایک بینکوئٹ ہال میں بھی 3 تین روزہ عارضی گل پلازا لگایا گیا جہاں 140 سے زائد دکانداروں نے اپنا اسٹال لگایا۔
سندھ کابینہ نے متاثرین کے لیے مجموعی طور پر 7 ارب روپے کے معاوضے کی منظوری دی ہے جس کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔
علاوہ ازیں متاثرہ تاجروں کو 5 لاکھ روپے فی کس عبوری امداد بھی دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گل پلازہ آتشزدگی کیس: جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں انکوائری کمیشن قائم
حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ گل پلاز کی جگہ 2 سال کے اندر ایک نئی اور جدید عمارت تعمیر کی جائے گی جس میں فائر سیفٹی کے تمام بین الاقوامی معیار برقرار رکھے جائیں گے۔













