پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ شادی خیل بیٹنی کی حدود میں پیش آیا، جہاں تقریباً 11 بج کر 50 منٹ پر تھانہ شادی خیل بیٹنی کے ایس ایچ او صدراعظم اپنی سرکاری گاڑی میں معمول کی گشت پر تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لکی مروت میں انٹیلی جنس آپریشن، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 4 خوارج ہلاک
شادی خیل سے مستی خیل بیٹنی جانے والی مرکزی سڑک پر رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب پولیس موبائل کو سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا انتہائی زور دار تھا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

پولیس کے مطابق اس حملے میں ایس ایچ او صدر اعظم سمیت گاڑی میں موجود کانسٹیبل شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ اور کانسٹیبل سخی زادہ بھی شہید ہوگئے۔
دھماکے میں کانسٹیبل انصاف الدین زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: لکی مروت میں پولیس کا کامیاب آپریشن، 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک
واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے تفتیشی کارروائی بھی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں اس دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
مزید پڑھیں: لکی مروت میں مارٹر گولہ پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے زخمی کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ، صدر مملکت نے شہید ایس ایچ او اور دیگر بہادر پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی۔
انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی اوران کی ہمت افزائی کی۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں، دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے:












