پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں سلمان علی آغا کے متنازع رن آؤٹ پر بحث چھڑ گئی، اور بنگلہ دیشی کپتان مہدی حسن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ مہدی حسن میراز کو اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔
مزید پڑھیں: کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا رن آؤٹ، بنگلہ دیش کے خلاف سلمان علی آغا مایوس ہوکر پویلین لوٹے
نان اسٹرائیکر اینڈ پر کریز سے باہر ہونے کی وجہ سے سلمان علی آغا گیند اٹھا کر بولر کو واپس کرنے کے لیے جھکے تھے، جب ان کے ساتھی کھلاڑی محمد رضوان نے گیند کو ان کی جانب کھیلا تھا۔
اسی دوران مہدی حسن سلمان علی آغا کے پیچھے سے گھوم کر آئے، گیند اٹھائی اور وکٹیں گرا دیں۔
اس آؤٹ کے بعد فوراً اسپرٹ آف کرکٹ سے متعلق بحث دوبارہ شروع ہوگئی اور یہ واقعہ 2023 کی ایشز سیریز کے تنازع کی یاد دلاتا ہے جب لارڈز میں آسٹریلیا کے الیکس کیری نے انگلینڈ کے جونی بیرسٹو کو اسٹیمپ آؤٹ کیا تھا۔
پاکستان کی 128 رنز سے فتح کے بعد سلمان علی آغا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرا خیال ہے کہ اسپورٹس مین اسپرٹ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیشی کپتان نے جو کیا وہ قانون کے مطابق ہے۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ یہ درست ہے تو ٹھیک ہے، لیکن اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میں مختلف انداز اختیار کرتا، اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دیتا۔
رن آؤٹ کے وقت سلمان آغا نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے داستانے اور ہیلمٹ زمین پر پھینک دیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں صرف گیند انہیں واپس دینا چاہ رہا تھا۔ میں رن لینے کی کوشش نہیں کر رہا تھا، لیکن وہ پہلے ہی فیصلہ کر چکے تھے۔
مزید پڑھیں: ٹی20 کی بڑھتی مصروفیات، سلمان آغا کا کیلنڈر ایئر میں نیا سنگ میل
انہوں نے مزید کہاکہ اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میں مختلف طریقہ اختیار کرتا، لیکن جو کچھ ہوا وہ اسی لمحے کا ردعمل تھا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔














