پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے فضائی کمپنیوں کو اہم ہدایات جاری کردیں

ہفتہ 14 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری مشرق وسطیٰ کے تنازع کے اثرات کے باعث صرف ضروری (کم از کم) ایندھن لے کر پروازیں کریں۔

پی اے اے کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے جیٹ فیول اے ون کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے پیش نظر فضائی آپریشنز کے لیے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔

مزید پڑھیں: جیٹ فیول مہنگا، ملکی و بین الاقوامی فضائی کرایوں میں بڑا اضافہ

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ فضائی کمپنیاں باہر کے ہوائی اڈوں سے جتنا ممکن ہو جیٹ فیول بھر کر لیں تاکہ آپریشنز متاثر نہ ہوں۔

قیمتوں میں اضافہ

یہ ہدایت ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب پاکستان نے تجارتی ہوائی جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد قیمتیں 188.93 روپے سے بڑھ کر 342.37 روپے فی لیٹر ہو گئیں، یعنی قریباً 82 فیصد کا اضافہ ہوا۔

یہ اقدام امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے اور آبنائے ہرمز کی بندش کے اعلان کے بعد ہوا، جو عالمی تیل کی ترسیل کے لیے اہم راستہ ہے۔

اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس کی عارضی بندش

مزید برآں پی اے اے نے 16 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر تجارتی پروازوں کے حوالے سے نوٹس جاری کیا۔

نوٹس کے مطابق لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے 6 شعبے 16 مارچ کو عارضی طور پر بند رہیں گے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے: جیٹ فیول کی خریداری میں 22 ارب روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اس کے علاوہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 16 مارچ کو صبح 8:30 بجے سے 10:30 بجے تک کسی بھی تجارتی پرواز کا لینڈنگ یا ٹیک آف ممنوع ہوگا۔

نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ اضافی ایندھن کی مقدار یقینی بنائیں کیونکہ اس دوران ہوا میں موجود پروازیں ممکنہ طور پر ہولڈنگ پیٹرن میں رہ سکتی ہیں جب تک کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہ مل جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp