ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد وطن واپس پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران سے 160 پاکستانیوں کو تفتان کے راستے پاکستان پہنچا دیا گیا، امیگریشن حکام
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق 28 فروری سے گزشتہ رات تک مجموعی طور پر 5 ہزار 615 پاکستانی شہری ضلع گوادر اور ضلع چاغی کے راستے پاکستان داخل ہوئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ اس دوران 2 ہزار 117 ایرانی ڈرائیورز سمیت 431 دیگر غیر ملکی شہری بھی ایران سے پاکستان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں مسافروں کی آمد کا سلسلہ منظم انداز میں جاری رہا۔
وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ گوادر اور چاغی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے آنے والے مسافروں کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کی اور انہیں اپنی منزل تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی۔
مزید پڑھیے: ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے کی خصوصی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی
میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر مسافروں کی سہولت، حفاظت اور آرام کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے اور اس حوالے سے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔














