کراچی میں چاند رات کو مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تیز بارش اور آندھی سے 16 افراد جاں بحق، فنکاروں اور شہریوں کا اظہارِ تشویش
کراچی پولیس میڈیا سیل (کے پی ایم سی) کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 3 بچے، 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے 4 کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، 2 کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر جبکہ ایک کو سول اسپتال لے جایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک 8 سالہ لڑکا داؤد چورنگی کے قریب گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسی طرح 9 سالہ بچی جنجال گوٹھ میں عمران بیکری کے قریب گولی لگنے سے زخمی ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔
مزید پڑھیے: کراچی میں شہری کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک، خاتون ساتھی گرفتار
لیاری کے شاہ بیگ لین میں 13 سالہ لڑکا گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔
ایک اور واقعہ شاہ لطیف کے علاقے داؤد چالی میں ریڈیو پاکستان گراؤنڈ کے قریب پیش آیا جہاں 18 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔
اسی نوعیت کے دیگر واقعات میں اسلامیہ کالونی میں 29 سالہ شخص جبکہ نیو میانوالی کالونی میں 32 سالہ شخص گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔ دونوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک 32 سالہ خاتون بھی بدھ بازار کے قریب ہوائی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔
مزید تحقیقات جاری
واضح رہے کہ خوشی کے مواقع، خاص طور پر عید، یومِ آزادی اور نئے سال کی تقریبات پر ہوائی فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں جن کے نتیجے میں اکثر آوارہ گولیاں شہریوں کو زخمی کر دیتی ہیں۔
مزید پڑھیں: جشن آزادی: کراچی میں ہوائی فائرنگ سے جاں بحق اور زخمیوں کا ریکارڈ قائم
رواں سال کے آغاز پر بھی نئے سال کی تقریبات کے دوران کراچی بھر میں ہوائی فائرنگ سے کم از کم 28 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ جنوری میں کیٹل کالونی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران بھی 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔













