پاکستان تحریک انصاف نے یوم پاکستان کے موقعے پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ وہ تاریخی دن ہے جب سنہ 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد، خودمختار اور باوقار ریاست کے قیام کا عہد کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری کے اعلانات کھوکھلے، عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف
پی ٹی آئی میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کسی حادثے یا اتفاق کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک عظیم نظریے، بے مثال قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کا ثمر ہے۔
قائداعظم اور علامہ اقبال کے اصولوں کی روشنی میں عزم
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار کے مطابق ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے پرعزم ہیں جہاں قانون کی بالادستی، انصاف، مساوات اور حقیقی جمہوریت قائم ہو۔
موجودہ حکومت پر تنقید
پی ٹی آئی نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ فسطائی حکومت نے ان اصولوں کو نقصان پہنچایا ہے آئین و قانون کی پاسداری کمزور پڑ چکی ہے اور عوام کا اعتماد متزلزل ہو رہا ہے۔ یومِ پاکستان پر ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد عمران خان کا ناحق قید میں ہونا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ ملک میں انصاف کا نظام کمزور ہو چکا ہے اور عدلیہ اپنی مؤثر حیثیت کھو رہی ہے۔
مزید پڑھیے: عمران خان کے صاحبزادوں کے شناختی کارڈ کی تجدید تاحال نہیں ہوئی، تحریک انصاف کا عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل
پارٹی نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کی مکمل ذمہ داری موجودہ جعلی اور فسطائی حکومت پر عائد ہوتی ہے جو سیاسی انتقام کے ذریعے مخالف آوازوں کو دبانے میں مصروف ہے۔
عوامی حقوق اور جمہوریت کی اہمیت
بیان میں کہا گیا کہ یومِ پاکستان ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ ریاست کی اصل طاقت عوام ہوتی ہے۔ جب عوام کے بنیادی حقوق سلب ہوں، سیاسی آزادیوں پر قدغن ہو اور منتخب نمائندوں کو دبایا جائے تو یہ نہ صرف جمہوریت بلکہ ریاست کے مستقبل کے لیے بھی خطرناک ہے۔
ملکی چیلنجز کا حل
پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز بشول معاشی بدحالی، مہنگائی، بیروزگاری اور ادارہ جاتی عدم توازن کا واحد حل شفاف انتخابات، عوامی مینڈیٹ کا احترام اور آئین کی مکمل پاسداری ہے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی قیادت پر ابہام نہیں، اصل چیئرمین عمران خان ہی ہیں: سلمان اکرم راجہ
پارٹی نے کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے یکجہتی، انصاف اور میرٹ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قوم سے اپیل
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف قوم سے اپیل کرتی ہے کہ وہ 23 مارچ کے اصل پیغام کو سمجھتے ہوئے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، حقیقی آزادی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔














