امریکا و ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے اسلام آباد میں مذاکرات کا امکان

پیر 23 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اسلام آباد میں مذاکرات ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا مسعود پزشکیان کو فون: صدر ٹرمپ کا ایران کے پاور پلانٹس پر حملے 5 روز تک مؤخر کرنے کا اعلان

عالمی میڈیا کے مختلف ذرائع اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ماہرین اس بات کا عندیہ دے رہے ہیں کہ امریکا اور ایران کے نمائندوں کے مابین مذاکرات جلد پاکستان کے دارلحکومت میں منعقد ہو سکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان حالیہ دنوں میں ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے سرگرم رہا ہے۔

گزشتہ برس بھی امریکی حکومت نے ایران کے معاملات میں ثالثی کے لیے پاکستان کی آمادگی کو سراہا تھا۔

مذاکرات اس ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں ایران کی نمائندگی ایران کی مجلسِ شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کریں گے جبکہ امریکا کی جانب سے اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور ممکنہ طور پر جے ڈی وینس شریک ہوں گے۔

یہ مذاکرات اس وقت سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی اور توانائی کے عالمی بحران نے نئی شدت اختیار کر لی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت سے خطرناک صورتحال کو قابو میں لانے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

پاکستان، ترکیہ اور مصر کی امریکا ایران جنگ بندی کے لیے کوششیں، رائٹرز

کشیدگی کم کرنے کی حالیہ بات چیت میں پاکستان، ترکی اور مصر نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے رپورٹر کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے کچھ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایران چاہتا ہے کہ امریکا جو جنگ کا آغاز کرنے والا فریق ہے براہِ راست مذاکرات میں شریک ہو۔

مزید پڑھیے: صدر ٹرمپ کے امریکا ایران مذاکرات کی خبروں پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

رائٹرز کے مطابق اس کے رپورٹر نے ایک امریکی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ گفتگو کا مقصد جنگ کا خاتمہ اور باقی مسائل کا حل تھا۔

پاکستان، ترکی اور مصر کے تعاون سے مذاکرات کے راستے کھل گئے جس سے خطرناک صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مدد ملی۔

مزید پڑھیں: کیا تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے؟

دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا کہ انہوں نے ایرانی بجلی گھروں پر کسی بھی فوجی حملے کو 5 دن کے لیے مؤخر کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp