عید پر صارفین کو سست انٹرنیٹ سے شدید مشکلات کا سامنا کیوں کرنا پڑا ؟

منگل 24 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 عید کے دنوں میں ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث شہریوں، کاروباری افراد اور فری لانسرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین نے سوشل میڈیا اور ویڈیو کالز میں بار بار تعطل کی شکایات کیں، جبکہ کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر رہی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست روی کا مسئلہ کوئی نیا نہیں بلکہ گزشتہ چند برس سے وقفے وقفے سے ایسے مسائل سامنے آتے رہے ہیں۔ مگر حال ہی میں 5جی آکشن کے بعد پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست روی اور عدم دستیابی شدید تنقید کا باعث بن رہی ہے۔

مزید پڑھیں:پی ٹی اے نے جاز، یوفون اور زونگ کو 5جی سروس شروع کرنے کی منظوری دیدی

خیبر پختونخوا کے شہر مانسہرہ میں عید کے دوران انٹرنیٹ سروس انتہائی غیر مستحکم رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق ایک ہی مقام پر انٹرنیٹ بار بار منقطع ہو رہا تھا، جس سے صارفین کسی بھی آن لائن سرگرمی کو تسلسل کے ساتھ انجام دینے سے قاصر رہے۔

مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے محمد یاسر کے مطابق عید کے دن اپنے رشتہ داروں سے ویڈیو کال کرنے بہت کوشش کے باوجود بھی وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ اسی طرح فری لانسرز اور آن لائن کام کرنے والے افراد کو بھی اپنے کام میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

راولپنڈی کے علاقے برما ٹاؤن کے رہائشی زین ملک، جو ایک فری لانسر ہیں اور بیرونِ ملک آئی ٹی سروسز فراہم کرتے ہیں، عید کے دنوں میں سست انٹرنیٹ کے باعث شدید مشکلات کا شکار رہے۔

زین ملک کے مطابق انہیں اپنے کلائنٹ کو 23 مارچ تک ایک اہم پروجیکٹ مکمل کرکے دینا تھا اور وہ پُراعتماد تھے کہ کام وقت پر مکمل ہو جائے گا۔ تاہم عید کے دوران انٹرنیٹ کی خراب رفتار نے ان کے کام کو بری طرح متاثر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جو کام عام طور پر ایک گھنٹے میں مکمل ہو جاتا ہے، وہ اس بار قریباً 3 گھنٹے میں مکمل ہوا۔ بار بار کنیکشن ڈراپ ہونے اور سست رفتار نے کام میں مسلسل رکاوٹ ڈالی۔

مزید پڑھیں: کیا پاکستان میں 5جی سروس عید سے پہلے شروع ہورہی ہے؟

ماہرین کے مطابق اس طرح کے مسائل کی بڑی وجہ نیٹ ورک ٹاورز پر بڑھتا ہوا دباؤ اور مقامی سطح پر انفراسٹرکچر کی کمی ہے، جس کے باعث صارفین کو مستحکم کنیکٹیویٹی میسر نہیں آتی۔

ٹیلی کام ایکسپرٹ عبدالرحمن کے مطابق میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کی بڑی وجوہات میں پرانا نیٹ ورک انفراسٹرکچر، صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور بین الاقوامی سب میرین کیبلز پر انحصار شامل ہے۔ ماضی میں بھی متعدد بار سب میرین کیبلز میں خرابی یا مرمت کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہو چکی ہے، جس کے دوران صارفین کو سست رفتار اور کنیکٹیویٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب حکومتی حکام نے انٹرنیٹ کی رفتار جان بوجھ کر کم کیے جانے کے الزامات کی تردید کی ہے۔ وزارت آئی ٹی کے مطابق کسی قسم کا ایسا نظام متعارف نہیں کروایا گیا جو انٹرنیٹ کو سست کرے، تاہم ویب مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے غیر قانونی یا قابل اعتراض مواد کو بلاک کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کے مقابلے میں ابھی تک مکمل طور پر تیار نہیں، جس کی وجہ سے خاص مواقع جیسے عید پر نیٹ ورک پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ فائبر نیٹ ورک کی محدود دستیابی اور بیک ہال کے مسائل بھی انٹرنیٹ کی کارکردگی کو متاثر کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:5جی اسپیکٹرم نیلامی مکمل: ٹیکنالوجی کا نیا میدان پاکستان کے لیے کون سے مواقع پیدا کر سکتا ہے؟

ملک کے بڑے شہری علاقوں بشمول اسلام آباد اور لاہور میں بھی عید کے دوران انٹرنیٹ کی سست رفتاری ایک بڑا مسئلہ بنی رہی۔ صارفین نے شکایت کی کہ سوشل میڈیا ایپس، آن لائن بینکنگ جیسی سروسز کے لیے خراب انٹرنیٹ ایک بہت بڑی رکاوٹ رہا۔ خاص طور پر وہ افراد جو عید کے دنوں میں بھی آن لائن کیب چلا رہے تھے۔ یا پھر کسی آن لائن کاروبار سے وابستہ ہیں۔

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی صائمہ رضوان، جو ہوم کچن چلاتی ہیں، عید کے دنوں میں خراب انٹرنیٹ کے باعث شدید مشکلات کا شکار رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سست اور بار بار بند ہونے والے انٹرنیٹ کی وجہ سے وہ بروقت آرڈرز وصول نہ کر سکیں، جبکہ موصول ہونے والے آرڈرز کی تصدیق اور ڈیلیوری کا عمل بھی متاثر ہوا۔ صائمہ کے مطابق عید جیسے مصروف موقع پر انٹرنیٹ مسائل نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا۔

آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ محمد زوہیب خان کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں اگرچہ انفراسٹرکچر بہتر ہے، مگر عید جیسے مواقع پر ڈیٹا ٹریفک میں اچانک اضافہ نیٹ ورک کی کارکردگی کو متاثر کر دیتا ہے، جس کے باعث سروس کا معیار گر جاتا ہے۔

یاد رہے کہ عوامی سطح پر اس صورتحال نے خاصی تشویش پیدا کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر جب لوگ اپنے پیاروں سے رابطے، آن لائن خریداری اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے انٹرنیٹ پر انحصار کرتے ہیں، ایسے میں سست رفتار نے روزمرہ سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عامر شہزاد، ڈائریکٹر جنرل لائسنس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا کہ عید کے دنوں میں انٹرنیٹ سروس پر غیر معمولی دباؤ آ جاتا ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کے لیے بڑی تعداد میں فون اور ویڈیو کالز کرتے ہیں، جس کی وجہ سے نیٹ ورک پر بوجھ بڑھ جاتا ہے اور سروس سست روی کا شکار ہو جاتی ہے۔

ان کے مطابق عام دنوں میں بیک وقت اتنے زیادہ صارفین نہیں ہوتے، لیکن عید پر جب لوگ بڑی تعداد میں اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تو مقامی نیٹ ورک اس اضافی بوجھ کو برداشت نہیں کر پاتا۔

مزید پڑھیں:5جی اسپیکٹرم کی نیلامی: کیا انٹرنیٹ کے مسائل ختم ہوجائیں گے؟

5جی سروس سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس پر ہونے والی تنقید قبل از وقت ہے۔ ان کے مطابق کوئی بھی نئی ٹیکنالوجی فوری طور پر مکمل طور پر بہتر نہیں ہوتی اور  جی سروسز کو مستحکم ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے، جس میں ابتدائی طور پر 4 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیلی کام کمپنیاں اس وقت بیرون ملک سے آلات درآمد کر رہی ہیں، جن کی تنصیب کے بعد ہی سروس مکمل طور پر فعال ہو سکے گی۔ فی الحال محدود علاقوں میں آزمائشی بنیادوں پر سروسز شروع کی گئی ہیں، جبکہ ملک بھر میں مؤثر اور معیاری 5جی سروس کی فراہمی میں قریباً 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

عامر شہزاد کے مطابق، پی ٹی اے نے کمپنیوں کو قریباً 2 سال کا وقت دیا ہے تاکہ وہ بڑے شہروں میں نہ صرف 5جی سروسز کو یقینی بنائیں بلکہ صارفین کو معیاری اور مستحکم سہولیات بھی فراہم کریں۔

آئی ٹی ماہرین کے مطابق حکومت اور ٹیلی کام کمپنیوں کو فوری طور پر انفراسٹرکچر کی بہتری، نئی ٹیکنالوجی کے نفاذ اور بین الاقوامی کنیکٹیویٹی کے متبادل ذرائع پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں:5جی پاکستان میں آیا تو کیا عوام اس کا خرچہ برداشت کرسکیں گے؟

واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے، جس کے باعث ملک میں تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب میں اسکولز کب کھلیں گے؟ وزیر تعلیم نے اعلان کردیا

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 27 مارچ کی ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا

ڈیپ فیک کی دنیا: لوگ تشکیک کا شکار،شناخت کی تصدیق کا مؤثر طریقہ کیا؟

مشرق وسطیٰ کشیدگی: وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کی ٹیلیفونک گفتگو، رابطے میں رہنے پر اتفاق

مشرق وسطیٰ کشیدگی: سندھ کابینہ کے اراکین 3 ماہ کی تنخواہوں سے دستبردار، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں معطل

ویڈیو

ٹرمپ کی چیخیں، امریکا لیٹ گیا، اسلام آباد میں اہم بیٹھک، مذاکرات خفیہ کیوں؟

اورکزئی کی رابعہ بصری جو حصول علم کے لیے میلوں پیدل سفر کرتی ہیں

گلگت بلتستان کے شہریوں کا پاکستان کے لیے تن، من، دھن قربان کرنے کا عزم

کالم / تجزیہ

کرکٹ ورلڈ کپ 92‘ فتح کا 34واں سال

کیا عارضی جنگ بندی مستقل ہو سکتی ہے؟

جالب نامہ