نیپرا نے بجلی ویلنگ آکشن کی منظوری دے دی، یہ نظام ہے کیا؟

منگل 24 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے ویلنگ آکشن کے طریقہ کار کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ منظور کرلیا، فی یونٹ کتنے پیسے بڑھ گئے؟

اس عمل کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں بڑی اصلاحات کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ویلنگ آکشن کیا ہے؟

نیپرا کے جاری کردہ فیصلے کے مطابق ویلنگ آکشن کے تحت خریدار اب براہ راست پاور پلانٹس سے بجلی خرید سکیں گے۔

اس اسکیم کے تحت کم از کم ایک میگاواٹ بجلی خریدنا لازمی ہوگا جبکہ بجلی کی ترسیل کے لیے صارفین کو گرڈ چارجز ادا کرنا ہوں گے جنہیں ویلنگ چارجز کہا جائے گا۔

مزید پڑھیے: پروٹیکٹڈ بجلی صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد، نیپرا نے بڑا فیصلہ کرلیا

یہ سہولت خاص طور پر صنعتی صارفین اور بڑے پیمانے پر بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے تاکہ انہیں متبادل اور ممکنہ طور پر سستی بجلی میسر آ سکے۔

مرحلہ وار نفاذ اور شفاف نظام

نیپرا کے مطابق آئندہ 5 سالوں میں مجموعی طور پر 800 میگاواٹ کے ویلنگ آکشن کیے جائیں گے جبکہ پہلے مرحلے میں 200 میگاواٹ کا آکشن ہوگا۔

اس عمل کو مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا اور انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشکشیں وصول کرنے کا عمل شروع کرے۔

حکومت کا مؤقف

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویلنگ آکشن کے ذریعے سنگل بائر ماڈل سے نکل کر مسابقتی بجلی مارکیٹ کی جانب پیشرفت ممکن ہوگی۔

ان کے مطابق حکومت شفاف، خودکار اور مارکیٹ بیسڈ پاور سسٹم کے قیام کے لیے پرعزم ہے جس سے بجلی کی خریداری کا عمل مزید شفاف ہوگا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاور سیکٹر میں بہتر گورننس، شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دے گا، اور اصلاحات کے منصوبوں کو عملی شکل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp