تیل اور گیس کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، کابینہ کمیٹی نے بحران کا امکان مسترد کردیا

منگل 24 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم سے متعلق کابینہ کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، مقامی پیداوار اور درآمدی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کے کارگو کی بڑی مقدار پہلے ہی محفوظ کرلی گئی ہے جبکہ ملک کی ریفائنریز معمول کے مطابق کام کررہی ہیں۔ کابینہ کمیٹی نے ریفائنریز کی پیداوار برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اس کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ حکومت عالمی اور مقامی قیمتوں کے فرق کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور جی ٹو جی معاہدوں کے ذریعے توانائی کی سپلائی مزید مستحکم بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں، مختلف ممالک سے تیل کی درآمد کے لیے متنوع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp