وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری اعلامیے کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو 27 ارب روپے کی پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔ یہ رقم وزیراعظم شہباز شریف کے اخراجات میں کمی کے تحت قائم خصوصی فنڈ سے فراہم کی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں کے فرق کو خود برداشت کرے گی، اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنا اور شہریوں کو فوری مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس مقصد کے لیے سرکاری اخراجات میں کمی کر کے وسائل جمع کیے گئے ہیں جبکہ مزید کفایت شعاری اقدامات پر بھی غور جاری ہے تاکہ مالی نظم و ضبط برقرار رکھا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر بڑی سبسڈی دی، ڈاکٹر مصدق ملک
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ حکومت بجٹ کی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے اور اضافی بچت حاصل کرنے کے نئے طریقوں پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ معاشی استحکام کے ساتھ عوامی سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔














