پیٹرول کی قیمت میں کسی بڑے اضافے کا ارادہ نہیں، حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی بڑی تبدیلی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے عوام کو یقین دلایا کہ ملک میں پیٹرول کی سپلائی اور دستیابی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہے اور صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں کم ہیں۔ ان کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا ابتدائی اثر پہلے ہفتے میں عوام نے برداشت کیا، جبکہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران حکومت نے یہ بوجھ اپنے اوپر لیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ قیمتوں کے بوجھ کو بانٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ عوام پر کم سے کم اثر پڑے۔

علی پرویز ملک نے خبردار کیاکہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، کیونکہ حکومت کے پاس پٹرول کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافے کرنے جا رہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے گریز کرنے کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کردی ہے۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ پی ایس ڈی پی میں 10 فیصد کٹوتی کی گئی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر یکساں طور پر یہ کمی لاگو کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا

رواں مالی سال کے لیے پی ایس ڈی پی کی مد میں ترقیاتی بجٹ شروع میں ایک ہزار ارب روپے رکھا گیا تھا، جو کٹوتی کے بعد 900 ارب روپے رہ گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مؤثر طریقے سے روکا جانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp