پاکستان کی متحرک سفارتکاری: چین، ملائیشیا اور ترکیہ سے خطے کی صورتحال پر اہم گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے اہم بین الاقوامی رابطے بڑھا دیے ہیں۔ چین، ملائیشیا اور ترکیہ سے خطے کی صورتحال پر اہم مشاورت بھی کی گئی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں اعلیٰ سطح رابطوں کو مضبوط کرنے اور ترجیحی منصوبوں، زراعت، صنعتی ترقی اور سی پیک 2.0 کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔

مزید پڑھیں: امریکا، ایران مذاکرات کے لیے پاکستان ہر لحاظ سے موزوں ہے، سابق سفیر جاوید ملک

اسی روز وزیر اعظم کو ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد و ترقی کے لیے دعائیں کیں۔

وزیر اعظم نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں اور امریکا و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں میں مکمل حمایت کا یقین دلایا اور دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں باہمی رابطے کو مضبوط رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: ایران بات کر رہا ہے اور معاہدہ چاہتا ہے مگر ردعمل کے خوف سے خاموش ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

اسی سلسلے میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شب ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے بھی رابطہ کیا اور خطے میں جاری تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان کے یہ اقدامات ایران اور اسرائیل کے درمیان موجود کشیدگی، مشرق وسطیٰ میں غیر یقینی صورتحال اور خطے کی بدلتی صورتِ حال کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp