ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن الزامات اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مسلسل عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے مراد سعید کو سینیٹ کی نشست کے لیے نااہل قرار دے دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سول جج عباس شاہ نے اس مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران ملزم کی عدالت میں پیشی نہ ہونے پر وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف ایف آئی اے (FIA) کے سائبر کرائم ونگ نے پیکا ایکٹ (PECA) کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ان پر اداروں کی بدنامی اور اشتعال انگیز بیانات کے الزامات عائد ہیں۔

عدالت نے مقدمے کی مزید کارروائی اور سماعت 9 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر ملزم کی حاضری یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ یہ کیس سہیل آفریدی کی جانب سے سوشل میڈیا اور عوامی اجتماعات میں دیئے گئے ان بیانات پر مبنی ہے جنہیں استغاثہ نے ریاستی اداروں پر حملے اور عوامی نظم و ضبط کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔













