لاہور میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز قذافی اسٹیڈیم پہنچیں جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کا حیدر آباد کنگز مین کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پی ایس ایل 11 میں حصہ لینے والی ٹیموں کے مالکان سے تعارف کرایا گیا جبکہ انہوں نے تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کا افتتاحی میچ کی دونوں ٹیموں حیدر آباد کنگز مین اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں سے بھی تعارف کرایا گیا۔
تقریب کے دوران لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم پی ایس ایل 11 کی ٹرافی گراؤنڈ میں لائے جبکہ افتتاحی میچ سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کے آغاز پر تمام ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے افتتاحی میچ بھی دیکھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، پی سی بی کی جانب سے ٹکٹ ریفنڈ پالیسی کا اعلان
تقریب میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا سلمان رفیق اور فیصل ایوب کھوکھر، ایڈوائزر علی ڈار، چیف سیکریٹری، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔













