اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر کو عالمی پارلیمانی فورم پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن کا مسلسل دوسری بار بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیم قومی ترقی، سماجی انصاف اور جمہوری استحکام کی بنیاد ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سید نوید قمر کو دوسری مرتبہ پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
اسپیکر نے کہا کہ مسلسل دوسری بار اس اہم عالمی پارلیمانی فورم کی قیادت سنبھالنا سید نوید قمر کی صلاحیتوں اور قیادت پر عالمی اراکین پارلیمنٹ کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے سید نوید قمر کو ایک زیرک، مدبر اور تجربہ کار پارلیمنٹرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے گزشتہ دور صدارت میں اس عالمی فورم کے مقاصد کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق سید نوید قمر نے انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کے لیے اہم خدمات انجام دیں، جو بین الاقوامی سطح پر قابلِ تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی پنجاب کی ترقی ملکی ترقی سے جڑی ہے، قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سید نوید قمر کی قیادت میں پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن مزید فعال کردار ادا کرے گا اور عالمی سطح پر پارلیمانی تعاون کو فروغ ملے گا۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے لیے باعث فخر ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی پارلیمانی سفارت کاری میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔














