میرے دادا خان قلات نے اسلامی ریاست کی وجہ سے بلوچستان کو پاکستان میں شامل کیا، پرنس فیصل داؤد

ہفتہ 28 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچ رہنما پرنس فیصل داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، میرے دادا خان قلات نے اسلامی ریاست کی وجہ سے بلوچستان کو پاکستان میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اپنے ایک خطاب میں انہوں نے کہاکہ ان کے بزرگوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور فاطمہ جناح کی بھرپور حمایت کی اور اسلام کے نام پر بننے والی ریاست کے ساتھ کھڑے رہے، میرے دادا خان قلات اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی مسائل کا حل موجود ہے، مگر اس کے لیے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے راستے کو اپنانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ علما کرام کی موجودگی میں رہنمائی کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ درست سمت کا انتخاب کیا جائے۔

پرنس فیصل داؤد نے کہاکہ بلوچستان کے وسائل تمام اکائیوں کا حق ہیں، جن میں بلوچ، پشتون، پنجابی، سندھی اور دیگر اقوام شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں وسائل کے درست استعمال پر توجہ نہیں دی گئی اور اس کا اعتراف بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش چیلنجز، خصوصاً موسمیاتی اور معاشی مسائل، مشترکہ کوششوں سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔ اگر قیادت اور عوام مل کر کام کریں تو مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عالمی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک بار پھر کشیدگی اور ممکنہ جنگوں کی طرف بڑھ رہی ہے، ایسے میں پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط ہونا ہوگا۔

پرنس فیصل داؤد نے اس بات پر زور دیا کہ کرپشن اور بدانتظامی جیسے مسائل اندرونی کمزوریوں کا نتیجہ ہیں، اور جب تک ہم خود کو درست نہیں کریں گے، بیرونی مداخلت کا راستہ کھلا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ قوم متحد ہو کر ملک کی بہتری اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp