سابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان بھی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ کے معاملے پر بول پڑے، اور کرکٹر کی تعریف پر فواد چوہدری کو شرم دلا دی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے لکھا، چوہدری صاحب! آپ کو شرم سے ڈوب مرجانا چاہیے۔
چوہدری صاحب آپ کو شرم سے ڈوب مرجانا چاہیے۔۔۔ایک سیاسی سماجی حوالے سے نابالغ لڑکے اور کھلاڑی کو اخلاقیات اور سپورٹس مین شپ کا درس دینے کے بجائے جاہلیت، انتہاء پسندی ،بے عقلی اور حرام زدگی کا درس اور ہلہ شیری دے رہے ہو۔۔۔مجھے کرکٹ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور خصوصاً پچھلے پانچ دس سال… https://t.co/tQeuR3hOKc
— Fayaz ul Hassan Chohan (@Fayazchohanpk) March 27, 2026
انہوں نے کہاکہ ایک سیاسی سماجی حوالے سے نابالغ لڑکے اور کھلاڑی کو اخلاقیات اور اسپورٹس مین شپ کا درس دینے کے بجائے جاہلیت، انتہا پسندی، بے عقلی اور حرام زدگی کا درس اور ہلہ شیری دے رہے ہو۔
’مجھے کرکٹ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور خصوصاً پچھلے پانچ دس سال کے کسی کرکٹر کا نام اور بیک گراؤنڈ نہیں جانتا، لیکن میری نسیم شاہ سے گزارش ہے کہ اپنے کھیل اور پروفیشن کی طرف توجہ دے۔‘
انہوں نے کہاکہ ویسے نسیم شاہ سے سوال ہے کہ کیا مریم نواز نے تمہیں گھٹنوں کے بل بٹھا کر اور خود سامنے تخت پر بیٹھ کر تمہارے ساتھ ملاقات کی تھی، جو تمہاری حسِ غیرت جاگ گئی اور تم نے مریم نواز پر ملکہ عالیہ بننے کی کوشش کرنے کا الزام لگا دیا۔
انہوں نے کرکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ویسے نسیم شاہ تم میرے بچوں کے برابر ہو، ایک نصیحت یاد رکھنا کہ عمران خان اور فواد چوہدری جیسوں سے بچ کر رہنا، اِن کے ساتھ جو بھی لگا اُس کی عزت، وقار، روزگار اور کیریئر کا سوا ستیاناس پھر گیا۔
انہوں نے فواد چوہدری پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری فواد صاحب آپس کی بات ہے نسیم شاہ نے تو ایک چول ماری ہے، آپ تو پچھلے 4 سال سے صبح دوپہر شام یہ چولیں مارنے لگے ہیں، تو آپ نے 2024 کے الیکشن میں کون سے چن چڑھا لیے، جو آپ نسیم شاہ کو الٹے مشورے دے رہے ہیں۔
فیاض چوہان نے کرکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہاکہ نسیم شاہ پتر بچ کے رہنا، اِس فواد چوہدری ٹائپ کے بھگوڑے یوتھیوں سے، ورنہ پلے ککھ نہیں رہے گا۔
مزید پڑھیں: ‘انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جارہا ہے؟’، مریم نواز سے متعلق ٹوئٹ پر نسیم شاہ نے کیا ردعمل دیا؟
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں مریم نواز کی آمد پر کرکٹر نسیم شاہ نے ایکس پر سوال کیاکہ ان کو ملکہ جیسا پروٹوکول کیوں دیا جارہا ہے، تاہم بعد ازاں کہا گیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔
بعد ازاں فواد چوہدری نے ایکس پر لکھا کہ نسیم شاہ ایک ٹوئٹ سے اتنا مشہور ہوگیا کہ آج اگر مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑے تو ان کی ضمانت ضبط کرا دے گا۔














