پاکستانی شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے خلاف ٹی وی پروگرامز میں ہونے والی تنقید ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی، جب میزبان و اداکارہ مشی خان نے اداکارہ ریشم کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے دیدار کے بیان پر کھل کر ردعمل دیا۔
پاکستانی ٹی وی میزبان، اداکارہ اور سماجی کارکن مشی خان نے حال ہی میں اداکارہ ریشم کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے تھیٹر اداکارہ دیدار کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
مشی خان، جو اپنی مقبول ڈراموں اور پروگرامز جیسے عروسہ، سات پردوں میں اور عجیب خانہ کے باعث شہرت رکھتی ہیں، سوشل میڈیا پر بھی سماجی و عوامی مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کرتی رہتی ہیں۔
حالیہ دنوں میں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں ریشم کے خلاف دیے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی شوز میں اکثر ریٹنگ کی خاطر فنکاروں کی تضحیک پر مبنی مواد شامل کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے اداکارہ دیدار نے اپنی سابقہ سہیلی ریشم پر سنگین الزامات عائد کردیئے
انہوں نے کہا، ’حال ہی میں ایک پروگرام میں ایک تھیٹر اداکارہ سے ریشم کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے کہا کہ ریشم منفی شخصیت کی مالک ہیں اور لوگوں کی زندگیاں تباہ کرتی ہیں۔ اگر آپ ایسے سنگین الزامات لگاتے ہیں تو آپ کے پاس ٹھوس شواہد بھی ہونے چاہئیں۔‘
مشی خان نے مزید کہا کہ اسی پروگرام میں موجود ایک گلوکارہ نے ریشم کے بارے میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ’وہ تو کھانا بھی بناتی ہیں‘، جس پر انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جی ہاں، وہ کھانا بناتی ہیں اور ضرورت مندوں میں تقسیم بھی کرتی ہیں، ہمیں ایسے اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔‘
یہ بھی پڑھیے تہجد کی نماز نے اداکارہ ریشم کی زندگی کیسے بدلی؟
انہوں نے مزید کہا، ’اگر وہ واقعی لوگوں کے گھر اجاڑتی ہوتیں تو آج تک ان کی اپنی شادی ہو چکی ہوتی۔ دوسروں کے ماضی کو نہ کھودیں، کیونکہ ہر کسی کا ایک ماضی ہوتا ہے۔ لوگوں کے خلاف بولنا بند کریں، ریشم ایک نہایت اچھی انسان ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے مشی خان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور براہِ راست نشریات میں کردار کشی کے رجحان کے خلاف ان کے واضح موقف کو سراہا ہے۔












