امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امن ہی واحد راستہ ہے۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ایک معروف امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، اور پاکستان کے سفارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے حالیہ تنازع میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کی پیشکش وسیع تر علاقائی مفاد میں ہے، اور دونوں فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار قابلِ قدر ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک نہایت پیچیدہ معاملہ ہے جس میں سیاسی، اقتصادی اور علاقائی عوامل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے بھارت کی شکست سے پاکستان کو غیر معمولی عالمی مقام حاصل ہوا، پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک کی سفارتی تاریخ امن کے فروغ سے جڑی ہوئی ہے اور حالیہ پیشکش بھی خلوصِ نیت پر مبنی ہے، جس میں دیگر علاقائی ممالک کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے، تاہم سفارت کاری ایک تدریجی عمل ہے جس میں وقت درکار ہوتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے واضح کیا کہ پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم حتمی فیصلے متعلقہ فریقین نے خود کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کو ہی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاک امریکا تعلقات خطے اور عالمی امن کے لیے انتہائی اہم ہیں، رضوان سعید شیخ
دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ ان کے مطابق افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی بارہا نشاندہی کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر پاکستان کو مجبوراً خود ایکشن لینا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنتے نہیں دیکھ سکتا اور اس حوالے سے واضح شواہد موجود ہیں کہ بعض عناصر کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے۔ سفیر کے مطابق پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشتگردی میں بھارتی حمایت کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مؤثر سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔













