لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے پاکستان سپر لیگ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 میچ کی معطلی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق زمان نے الزام کی تردید کی اور ضابطہ اخلاق کے تحت مکمل تادیبی سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان قذافی اسٹڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد فخر زمان کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل میں شامل کھلاڑیوں کی سیکیورٹی مزید سخت، نئے احکامات کیا ہیں؟
واقعہ میچ کے آخری مراحل میں پیش آیا جب آن فیلڈ امپائرز نے لاہور قلندرز کو پانچ رنز کی سزا دی اور کراچی کنگز کے آخری اوور سے پہلے گیند تبدیل کرنے کا حکم دیا۔
امپائرز شاہد سکیت، فیصل خان آفر یدی، ٹی وی امپائر آصف یعقوب اور چوتھے امپائر طارق رشید نے دفاعی چیمپیئن کے اوپننگ بلے باز کے خلاف چارج فائل کیا۔

35 سالہ فخر زمان نے الزام کی سختی سے تردید کی اور پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کے تحت ذاتی سماعت کا مطالبہ کیا۔ سماعت میچ ریفری روشن مہناما کی نگرانی میں ہوئی، جنہوں نے تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لیا اور زمان کو ذاتی سماعت کی اجازت دی۔ سماعت کے دوران لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، ٹیم ڈائریکٹر سمین رانا، اور ٹیم منیجر فاروق انور بھی موجود تھے۔
زمان کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.14 کے تحت چارج کیا گیا، جو پی ایس ایل کے کھیل کے حالات کے کلوز 41.3 کی خلاف ورزی میں گیند کی حالت بدلنے سے متعلق ہے۔ پہلی سطح 3 کی خلاف ورزی پر کم از کم ایک میچ کی معطلی اور زیادہ سے زیادہ دو میچ کی سزا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بال ٹیمپرنگ کیس، پی سی بی نے فخر زمان پر 2 میچوں کی پابندی عائد کردی
ذرائع نے تصدیق کی کہ فخر زمان نے اب اپنی معطلی کے خلاف پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی میں اپیل دائر کر دی ہے۔
لاہور قلندرز کا اگلا میچ جمعہ 3 اپریل کو قذافی اسٹڈیم میں ملتان سلطانز کے خلاف اور پھر جمعرات 9 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شیڈول ہے۔












