بنگلہ دیش نے توانائی کے جاری بحران سے نمٹنے کے لیے امریکا سے تعاون طلب کر لیا ہے، جس میں روسی ذرائع سے ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کے لیے خصوصی استثنیٰ کی درخواست بھی شامل ہے۔
یہ معاملہ واشنگٹن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران زیر بحث آیا، جہاں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ سے محکمہ توانائی میں ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش حکومت کا عوام کو ریلیف، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار
دونوں رہنماؤں کے درمیان فوری اور طویل مدتی توانائی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران امریکی حکام نے وزیر اعظم طارق رحمان کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔
Bangladesh reaches out to the US for a waiver to import Russian oil. https://t.co/lSD9ICh4Lp
— Derek J. Grossman (@DerekJGrossman) March 31, 2026
ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث پیدا ہونے والی توانائی کی قلت پر روشنی ڈالی.
انہوں نے واشنگٹن سے اپیل کی کہ ڈھاکہ کو روسی ذرائع سے ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کے لیے خصوصاً آئندہ کاشتکاری سیزن سے قبل خصوصی رعایت دی جائے۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں فیول نگرانی سخت، پیٹرول پمپس پر ٹیگ آفیسرز تعینات کرنے کا فیصلہ
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں امریکا کی جانب سے روسی تیل پر دی گئی چھوٹ سے بنگلہ دیش فائدہ نہیں اٹھا سکا تھا کیونکہ اس وقت موزوں بحری راستے دستیاب نہیں تھے۔
دونوں ممالک نے قلیل مدتی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیسرے ممالک کے ذریعے روسی خام تیل سے تیار شدہ ایندھن حاصل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا۔
امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے بنگلہ دیش کو درپیش چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں: تیل کی فراہمی کے تنازع پر بنگلہ دیش میں ٹرک ڈرائیور نے فلنگ اسٹیشن منیجر کو کچل کر قتل کر دیا
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن ڈھاکہ کی درخواستوں پر مثبت غور کرے گا اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرے گا۔
اجلاس میں طویل مدتی بنیادوں پر پائیدار توانائی تعاون اور امریکی توانائی مصنوعات کی درآمد بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، بشمول امریکا میں بنگلہ دیش کے سفیر طارق محمد عارف الاسلام بھی موجود تھے۔













