بیجنگ میں منعقدہ مشاورت کے بعد پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے مابین قونصلر کی سطح پر تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان قونصلر امور سے متعلق مشاورتی عمل کا 10واں دور 31 مارچ 2026 کو چینی دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان اور چین کا فوری جنگ بندی پر زور، امن کے لیے 5 نکات پیش کردیے
مشاورتی عمل میں دونوں ممالک کے وفود نے دوطرفہ قونصلر معاملات کا جامع جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل (چین) طارق وزیر نے کی، جبکہ چینی وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل، محکمہ قونصلر امور لانگ ژاؤ نے کی۔
🔊PR No.8️⃣8️⃣/0️⃣2️⃣6️⃣
10th Round of Pakistan-China Consular Consultations Held in Beijing https://t.co/psA9WFuoRE
🔗⬇️ pic.twitter.com/xZOkFAAfQa
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) April 2, 2026
مشاورت کے دوران دونوں فریقین نے عوامی روابط میں مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ قونصلر تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے اور دونوں ممالک کے شہریوں کو ویزا، امیگریشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے۔
مزید پڑھیں: اسحاق ڈار: چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے دنیا کے اہم ترین مذاکرات کار تک کا سفر
اس کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ قونصلر مشاورت پاکستان اور چین کے درمیان ایک باقاعدہ اور ادارہ جاتی طریقہ کار ہے، جس کے تحت ویزا، امیگریشن اور شہریوں کے حقوق سے متعلق تمام اہم معاملات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔
بیجنگ میں ہونے والے اس حالیہ دور کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور مسلسل بڑھتے ہوئے تعلقات کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔













