وزن کم رکھنے کا دارومدار صرف کھانے کی کیلوریز گننے پر نہیں بلکہ کھانے کے وقت، رفتار اور چبانے کے انداز پر بھی ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کم کیلوریز والی غذائیں ذہنی دباؤ بڑھا سکتی ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف
کنگز کالج لندن کی پروفیسر سارہ بیری کے مطابق ہر شخص کا جسم خوراک کو مختلف طریقے سے ہضم اور جذب کرتا ہے۔
“وہ کہتی ہیں کہ میں جو کچھ کھاؤں، وہ کسی دوسرے کے جسم کے مقابلے میں مختلف طریقے سے میٹابولائز (ہضم اور جذب) ہو سکتا ہے۔
کھانے کے وقت اور رفتار کی اہمیت
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ناشتے میں زیادہ کیلوریز لینے والی خواتین نے شام کے کھانے پر کیلوریز لینے والوں کے مقابلے میں زیادہ وزن کم کیا خواہ کُل کیلوریز ایک جیسی ہوں۔ کھانے کے وقت کو محدود کرنے سے بھی افراد کم کیلوریز لیتے ہیں اور جسمانی چربی میں کمی دیکھنے کو ملتی ہے۔
کھانے کی رفتار بھی اہم
کھانے کی رفتار بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ جو لوگ تیزی سے کھاتے ہیں وہ زیادہ کیلوریز لیتے ہیں۔
مزید پڑھیے: وزن کم کرنے اور پٹھے مضبوط کرنے کے لیے پروٹین کا استعمال کب کرنا چاہیے؟
سست کھانا کھانے سے پیٹ بھرنے کے ہارمونز بہتر طریقے سے فعال ہوتے ہیں جس سے دیر تک بھوک نہیں لگتی اور بعد میں کم کھانے کی خواہش ہوتی ہے۔
خوراک کی ساخت اور چبانے کا عمل
کھانے کی ساخت بھی کیلوریز کے جذب پر اثر ڈالتی ہے۔ مثال کے طور پر بادام کو اچھی طرح چبانے سے زیادہ کیلوریز جذب ہوتی ہیں جبکہ جزوی چبانے سے کم۔
اسی طرح جوس پینے یا پیوری کھانے سے پیٹ جلد بھرا محسوس نہیں ہوتا اور زیادہ کیلوریز لیتے ہیں۔
مائیکرو بایوم اور ذاتی فرق
ہر شخص کا آنتوں کا مائیکرو بایوم (آنتوں کے خوردبینی جراثیم) بھی خوراک کے اثرات میں فرق پیدا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: عمر کے مختلف مراحل میں غذائی اجزا کی اہمیت: کس عمر میں کون سی خوراک مفید ہے
کچھ افراد کچھ پھل یا سبزیوں پر زیادہ شوگر اسپائکس محسوس کرتے ہیں جبکہ دوسروں کے خون میں کم اثر ہوتا ہے حتیٰ کہ جڑواں بھائیوں میں بھی ردعمل مختلف ہو سکتا ہے۔
الغرض وزن کنٹرول کے لیے صرف کیلوریز گننا کافی نہیں۔ سست کھانا، وقت پر کھانا، کھانے کی ساخت پر دھیان دینا اور متوازن خوراک کے ساتھ فائبر کی مقدار بڑھانا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بھاری بھرکم غذائیں کھانا دماغ پر کیا اثر ڈالتا ہے؟
مزید برآں مائیکرو بایوم کو سپورٹ کرنے والے صحت مند پھل اور سبزیاں اور کم صحت بخش اسنیکس کی مقدار کم کرنا وزن اور صحت کے لیے بہتر ثابت ہوتا ہے۔












