بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع سلطان پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کے دوران اپنے 9 ماہ کے معصوم بیٹے کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کدوار تھانے کی حدود میں واقع مدھا گاؤں میں پیش آیا۔ ملزم کی شناخت شمبھودیال کوری کے نام سے ہوئی ہے، جس کا اپنی اہلیہ رنجو کے ساتھ جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔
یہ بھی پڑھیے: بھارتی ٹرین میں ملنے والا کھانا مسافر خاتون کے لیے بدترین الرجی کا باعث بن گیا
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھگڑے کے دوران ملزم نے پہلے اپنی بیوی پر تشدد کیا اور پھر اپنے کمسن بیٹے شیوانش پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے گئے۔ سینیئر پولیس افسران نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نور مقدم قتل کیس: ظاہر جعفر کی نظرثانی اپیل پر سماعت 8 اپریل کو مقرر
تھانہ کدوار کے ایس ایچ او ترون پٹیل کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم ذہنی طور پر غیر مستحکم ہو سکتا ہے، تاہم اس کی تصدیق طبی معائنے کے بعد کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔













