کراچی میں میٹرک امتحانات کے انعقاد سے قبل صورتحال متنازع ہو گئی ہے، جہاں ایک جانب پرائیویٹ اسکولز اتحاد نے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، وہیں میٹرک بورڈ نے انتظامات مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان میٹرک بورڈ کے مطابق تمام امتحانی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ایڈمٹ کارڈز بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نجی امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ ان کے گھروں کے پتے پر بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ اتوار کے روز تعطیل کے باوجود بورڈ آفس کھلا رکھا جائے گا، جبکہ وہ امیدوار جو ابھی تک ایڈمٹ کارڈ حاصل نہیں کر سکے، وہ بورڈ آفس کے کمرہ نمبر 5 سے رجوع کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: محکمہ تعلیم پنجاب نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا
دوسری جانب کراچی پرائیویٹ اسکولز اتحاد نے 7 اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک امتحانات کو مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اتحاد کا مؤقف ہے کہ ابھی تک امتحانی مراکز کو حتمی شکل نہیں دی گئی اور نہ ہی ایڈمٹ کارڈز کے اجرا کا عمل مکمل ہو سکا ہے۔
تنظیم کے مطابق امتحانی سامان کی ترسیل بھی تاحال نہیں ہو سکی اور کئی اسکولز کو امتحانی مراکز کے بارے میں آگاہی نہیں دی گئی، جبکہ دیگر انتظامی امور بھی نامکمل ہیں، جس کے باعث طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔













