پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے ایک بیان پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جس میں انہوں نے معروف ایرانی نژاد امریکی دانشور ولی نصر سے ایک بیان غلط طور پر منسوب کیا۔
شہباز گل نے دعویٰ کیا تھا کہ ولی نصر نے کہا ہے کہ ایرانی وفد نے امریکیوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان آنے سے اس لیے انکار کیا کیونکہ یہ انہیں گرفتار کرنے کے لیے بچھایا گیا جال تھا۔ تاہم متعلقہ بیان میں ولی نصر نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔
ولی نصر نے اپنی گفتگو میں کہا تھا کہ ایرانی قیادت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اعتماد نہیں کرتی، جس کی وجہ ان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان جوہری معاہدے کو ختم کرنا ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں واضح کیا کہ ایران کو پاکستان آنے میں کبھی کوئی مسئلہ نہیں تھا، تاہم وہ امریکا کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مذاکرات کے لیے تیار نہیں تھے۔
اس معاملے پر سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے، جہاں ناقدین نے شہباز گل کے بیان کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔














